چین بھارت محاذ آرائی ارونا چل پردیش تک پھیل گئی، 5 بھارتی اغوا

0

دہلی: چین نے بھارت پر دباؤ جاری رکھتے ہوئے کارروائیوں کا دائرہ ار ونا چل پردیش تک بڑھا دیا ہے، جس سے بھارت میں کھلبلی مچ گئی ہے، بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ اروناچل پردیش میں ان کے 5 شہری چینی فوج اٹھا کر لے گئی ہے، دوسری طرف بھارتی دفاعی ماہرین نے مودی سرکار کو خبردار کیا ہے کہ چین اور پاکستان مل کر اس کا گھیراو کررہے ہیں، اوریہ ایسے موقع پر ہورہا ہے ، جب کرونا کی وجہ سے بھارتی معیشت پہلے ہی شدید بحران میں گھر چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین اور بھارت کی کشیدگی لداخ سے پھیل کر ارونا چل پردیش کی سرحد تک پہنچ گئی ہے، اور بھارت نے الزام لگایا ہے کہ اس کے 5 شہریوں کو چینی فوجی اٹھا کر لےگئے ہیں ، بھارت کے اقلیتی امور کے وزیرکرن رجو جن کا اپنا تعلق بھی ارونا چل پردیش سے ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ چینی فوجیوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے شہریوں کی واپسی کیلئے بھارتی فوج نے ہاٹ لائن پر چینی فوج سےرابطہ کیا ہے،اور اب

چین کی طرف سے جواب کا انتظار ہے

دوسری طرف علاقے میں تعینات بھارتی پولیس افسران کا کہنا ہے کہ وہ اغوا کئے گئے ایک شہری کے عزیز کی جانب سے فیس بک پر دئیے گئے پیغام کی تحقیقات کررہے ہیں ، جس میں اس نے چینی فوجیوں کو اغوا کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے، علاقے سے شائع ہونے والے اخبار ’’ارونا چل ٹائمز ‘‘ کے مطابق اغوا ہونے والے علاقے میں شکار کیلئے گئے تھے، واضح رہے کہ لداخ کی طرح چین کا ارونا چل پردیش میں بھی 90 ہزار کلومیٹر پر دعویٰ ہے ، 

بھارتی دفاعی ماہرین کا انتباہ 

بھارتی ناردرن کمانڈ کے سابق کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل(ر) ڈی ایس ہودا نے چین بھارت سرحدی صورتحال کو خطرناک قرار دیا ہے ، اور خبردار کیا ہے کہ یہ کبھی بھی قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں 45 برس مختلف معاہدوں کے ذریعے معاملات بہتر انداز میں ڈیل ہوتے رہے، لیکن اب گزشتہ چند ماہ میں ہونے والے واقعات چونکا دینے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک فی الحال فُل اسکیل جنگ کے بارے میں نہیں سوچ رہے، تاہم اب کسی بھی سخت اقدام توقع کی جا سکتی ہے۔

بھارتی دفاعی تجزیہ کار راہول بیدی کا کہنا ہے کہ جون میں خونریزی کے بعد مقامی کمانڈرز کو چینی فوج کو بھرپور جواب دینے کا اختیار دیا گیا ہے۔چینی فوج نے محاذ گرم کر رکھا ہے اور وہ موسم سرما تک معاملات کو الجھائے رکھنا چاہتی ہے، جب اس خطے کا ٹمپریچر منفی 50 تک گرجائے گا، جس کے بعد بھارت کیلئے مزید فوج اور رسد بھیجنا مشکل ہو جائے گا۔

بھارتی ماہرین کے مطابق اس معاملے کا مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کا براہ راست تعلق ہے۔ چین، بھارت جنگ کی صورت میں پاکستان اپنے قریب ترین اتحادی چین کے ساتھ کھڑا ہو گا ،جس سے ایل اے سی کے ساتھ ساتھ ایل او سی، ورکنگ باؤنڈی اور پاک بھارت سرحدوں کا محاذ بھی گرم ہوسکتا ہے اور یہ صورتحال نئی دہلی کیلئے اور زیادہ خطرناک ہو جائے گی۔

بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین سوہنی نے کہا کہ بھارت بڑی مشکل میں پھنس چکا ہے۔ چین، بھارت جنگ کی صورت میں پاکستان اور کشمیری کسی صورت لاتعلق نہیں رہیں گے۔ اس طرح ہمارے لئے ایک وقت میں 3 محاذ کھل جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.