اسپین کی شہزادی قرنطینہ میں چلی گئی

0

میڈرڈ: اسپین میں کرونا کی تازہ لہر کے اثرات شاہی محل تک پہنچ گئے ہیں اور تاج اسپین کی وارث 14 سالہ شہزادی لیونور بھی قرنطینہ میں چلی گئی ہیں، دوسری طرف گزشتہ ہفتے ملک میں اسکول کھولے گئے تھے، لیکن کئی اسکولوں کوکرونا کے کیس سامنے آنے پر بند کرنا پڑا ہے۔

تفصیلات کےمطابق  تخت  اسپین کی وارث 14 سالہ شہزادی لیونور  جو ا سکول میں زیر تعلیم ہیں،ان کی ایک کلاس  فیلو  کا  کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے،جس کے بعد شہزادی  قرنطینہ میں چلی گئی ہیں،حکام کے مطابق شہزادی اور ان کے تمام ہم جماعتوں کے کرونا ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

 جس کے بعد ہی تعین ہوگا کہ کرونا سے متاثرہ طالبہ سے شہزادی یا کوئی اور طالبہ متاثر ہوئی ہے یا نہیں، لیکن احتیاطی تدابیر کے طور پر شہزادی اور دیگر طالبات کو قرنطینہ کردیا گیا ہے، اور ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کیا جائے گا، تاہم  شاہی خاندان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بادشاہ فلپ اور ملکہ لیٹیزیہ معمول کےمطابق اپنی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔

اسکول بند

اسپین میں کئی ماہ تک اسکول بند رکھنے کے بعد گزشتہ ہفتے ہی حکومت نے انہیں مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، حکومت کی جانب سے طلبا کے کرونا ٹیسٹ بھی کئے جارہے ہیں، اور کچھ اسکولوں کو پازیٹو کیسز آنے پر دوبارہ بند کردیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ طلبا کی ٹیسٹنگ کا عمل  جاری رہے گا ۔

واضح رہے کہ اسپین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر پونے6  لاکھ سے تجاوزکرگئی ہے، اتوار تک اسپین میں 5 لاکھ 76 ہزار 697 کیس سامنے آچکے تھے، جبکہ وبا سے متاثر ہوکر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 29 ہزار 747 تھی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.