میلان :اٹلی کی کمپنی نے برطانیہ کی بڑی بسکٹ فیکٹری خریدنے کی تیاری کرلی ہے، اٹلی کی کمپنی ’’فریرو‘‘ نے برطانیہ کی بسکٹ کمپنی ’’فاکس بسکٹ‘‘ خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں گروپوں میں اس حوالے سے اتفاق ہوگیا ہے، خریداری معاہدہ مکمل ہونے پر اٹلی کی کمپنی ’’فریرو‘‘ یورپ کی بڑی بسکٹ کمپنیوں میں شامل ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ’’فریرو‘‘ نے یہ فیصلہ ایسے موقع پر کیا ہے، جب یورپ میں کرونا کی وجہ سے گھروں کے اندر رہنے کا رجحان بڑھا ہے، اور اس سے بسکٹوں کی کھپت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اٹلی کا ’’فریرو‘‘ گروپ گزشتہ چند برسوں میں تیزی سے ترقی کرتے گروپ کی حیثیت سے سامنے آیا ہے، اور اس میں گروپ کے سربراہ گیونی فریرو کی قیادت کا اہم کردار ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق گروپ نے اس خریداری ڈیل کے حجم کے بارے میں نہیں بتایا، تاہم کہا جارہا ہے کہ یہ سودا 25 کروڑ پاؤنڈ میں طے کیا جارہا ہے، ’’فریرو‘‘ گروپ کے اس سودے پر مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اطالوی گروپ اب چاکلیٹ کے بزنس پر انحصار کم کرکے بسکٹ سمیت ایسی مصنوعات پر توجہ دے رہا ہے، برطانیہ کی فاکس بسکٹ کمپنی 167 برس پرانی کمپنی ہے، جو مختلف اسنیکس اور بسکٹ تیار کرتی ہے۔