دبئی ائرپورٹ پر 304 پاکستانی پھنس گئے، متعدد کو واپس بھیج دیا

0

دبئی: دبئی میں وزٹ ویزوں پر آنے والوں کیلئے 2 ہزار درہم ساتھ لانے کی شرط اچانک لاگو کرنے سے 304 پاکستانی دبئی ایئر پورٹ پر پھنس گئے، جبکہ 169 پاکستانیوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا ہے، پاکستانی قونصل خانے کا عملہ دبئی حکام سے رابطہ کرکے مسافروں کو کلئیر کرانے کی کوشش کررہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ 13 اکتوبر کو دبئی حکام نے ٹریول الرٹ جاری کیا جس کے مطابق وزٹ ویزے پر دبئی آنے والے مسافروں کیلئے ہوائی اڈے پر دو ہزار امارتی درہم ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاہم فوری طور پر اس شرط کو لاگو بھی کردیا گیا، اور اس شرط سے لاعلم پاکستانی مسافر دبئی ائرپورٹ پہنچنے پر پھنس گئے۔

روکے گئے مسافروں نے دبئی میں پاکستانی قونصل خانے سے رابطہ کیا اور مدد طلب کی، جس پر سفارتی عملے نے معاملے کو حل کرنے کیلئے دبئی حکام سے بات چیت شروع کردی ہے، تاہم 304 پاکستانی آخری اطلاعات تک دبئی ایئر پورٹ پر پھنسے ہوئے تھے، دبئی امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے بعض کے پاس ریٹرن ٹکٹ موجود نہیں تو بیشتر دو ہزار درہم کی نئی شرط سے لاعلم تھے، اسی طرح کئی مسافروں کے پاس نہ تو ہوٹل بکنگ تھی اور نہ ہی وہ دبئی میں رہائش کیلئے جس کے پاس ٹھہرنا چاہتے ہیں، ان کا ریفرنس موجود تھا۔

خلیجی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے دبئی میں پی آئی اے  کے ریجنل منیجر شاہد مغل  کا کہنا تھا کہ ائر لائن کے 180 مسافر منگل سے ائرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ مسافر دو ہزار درہم کی شرط عائد ہونے کے بعد یہاں پہنچے ہیں، ہم اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے دبئی کے حکام سے بات کررہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ اب ائرلائن نے اس شرط پر سختی سے عمل درآمد شروع کرادیا ہے، اور 2 ہزار درہم شو کرائے بغیر پاکستان سے کسی کو بورڈنگ کارڈ جاری نہیں کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.