اٹلی میں کرونا کی صورتحال بگڑنے لگی

0

روم:اٹلی اور فرانس سمیت  یورپی ممالک میں کرونا کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے،اٹلی میں پہلی بار ایک دن میں 10 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ55 افراد جان کی بازی ہارگئے، ایک اطالوی ریجن نےاسکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم اطالوی وزیراعظم نے ملک گیر سخت لاک ڈاؤن کے امکان کو مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں جمعہ کو سامنے آنے والے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 10 ہزار 10 کیسز رپورٹ جبکہ 55 افراد اس موذی وائرس کا شکار ہوکر دنیا سے چلے گئے، ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 312 تک جا پہنچی،ایک لاکھ افراد کو گھروں میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اٹلی کے جنوبی کمپانیا ریجن نےجس میں نیپولی  بھی شامل ہے، اسکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ وبا پر کنٹرول کے لئے اکتوبر کے آخر تک اسکول بند کئے گئے ہیں۔

 دوسری جانب اطالوی وزیراعظم جوسپے کونتے  نے ایک بار پھر کہا ہے کہ حکومت پہلے کی طرح ملک گیر لاک ڈاؤن کا ارادہ نہیں رکھتی، کیوں کہ یہ معیشت کیلئے تباہ کن ہوتا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ ہر ریجن اپنی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی طور پر مختلف پابندیاں لگاسکتا ہے، جن میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنا اور رات کا کرفیو شامل ہے۔

اٹلی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں  نے کرونا پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کیخلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں، اداروں نے پابندیوں کی خلاف ورزی پر 24 افراد کیخلاف مقدمات، جبکہ 178 کو جرمانے عائد کیے، انتظامیہ کی جانب سےاٹلی کی 7 ہزار 489 مارکیٹوں، ریسٹورنٹ ودیگر کمرشل جگہوں پر چھاپے مارے گئے، جن میں 27  کو جرمانے جبکہ 9 کو کووڈ خلاف ورزی پر سیل کردیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.