اٹلی کے ریجنز میں کرفیو لگانے کا فیصلہ، لاک ڈاؤن کا بھی عندیہ

0

روم: اٹلی میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے بعد مختلف ریجنز نے رات کے کرفیو اور لاک ڈاؤن کرنے کی تیاری کرلی ہے، مختلف ریجنز کے مئیرز نے اس حوالے سے مرکزی حکومت سے اجازت ملنے کے بعد اقدامات بھی شروع کردیے ہیں، لمبارڈیا میں رات کا کرفیو لگادیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اطالوی وزیراعظم جوسپے کونتے پہلے ہی ریجنل سربراہان کو کرونا صورتحال دیکھتے ہوئے رات کو عوامی میل جول روکنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی اجازت دے چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کرونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں لمبارڈیا اور کمپانیا نے  رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے، لمبارڈیا میں منگل سے تین ہفتوں کے لئے رات کے کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ کمپانیا  کے حکام کی طرف سے مدت سامنے نہیں آئی، تاہم رات کا کرفیو جمعہ کی شب سے 11 بجے شروع ہوا کرے گا، اور صبح تک برقرار رہے گا، جس کے دوران لوگوں کو  کسی ایمرجنسی کے بغیر گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اٹلی کی سرکاری خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ نے  نیپولی کے مئیر لیگوئی ڈی میگسترس کے حوالے سے بتایا ہے کہ کمپانیا جلد لاک ڈاؤن کی طرف جاسکتا ہے، کیوں کہ وہاں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، انہوں نے صورتحال کی خرابی کا ذمہ دار گورنر وی سینزو ڈی لوسا کو بھی قرار دیا، اور کہا کہ گورنر اور انتظامیہ کی سنگین غلطیوں نے بھی صورتحال کا بگڑی ہے، مریضوں کی بڑھتی تعداد خود صورتحال کی گواہی دے رہی ہے، ہمارے پاس اب  آئی سی یو میں صرف 15 مریضوں کی جگہ  باقی رہ گئی ہے، مجھے یقین ہے کہ کمپانیا میں لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا۔

دوسری طرف کمپانیا کے گورنر ڈی لوسا کا کہنا ہے کہ لمبارڈیا کی طرح ان کے ریجن میں بھی جمعہ کی شب 11 بجے سے رات کا کرفیو لگادیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کے لئے مرکزی حکومت سے بات کی ہے، اس ہفتے سے تمام سرگرمیاں اور ٹرانسپورٹ روک دی جائیں گی، اس سے پہلے لمبارڈیا ریجن نے مرکزی حکومت سے رات 11 سے صبح 5 بجے تک کرفیو کی اجازت حاصل کرلی تھی، جس پر جمعرات سے عمل درآمد کیا جائے گا، اس کے علاوہ لمبارڈیا میں ویک اینڈ پر  کھانے پینے کےعلاوہ تمام دیگر اسٹورز بھی بند رکھنے کا حکم  دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.