تارکین سے اٹلی کو اربوں یورو کا فائدہ،پاکستانی کاروبار کی طرف آنے لگے

0

روم: تارکین وطن اٹلی کی معیشت کی ترقی کا اہم کردار بنتے جارہے ہیں اور ان کی وجہ سے اٹلی کو بے پناہ فائدہ پہنچ رہا ہے، اٹلی میں تارکین وطن کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے، اور اطالوی آبادی کا 9 فیصد تک پہنچ گئی ہے،پاکستانیوں سمیت تارکین وطن کی بڑی تعداد تیزی سے کاروبار کی طرف بھی آرہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں تارکین وطن کے معاشی و سماجی کردار پر اہم رپورٹ سامنے آئی ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ غیرملکی ورکر اٹلی کی ترقی کا اہم جزو بن گئے ہیں، گزشتہ برس 2019 میں غیر ملکی ورکرز نے 18 ارب یورو کے ٹیکس اور سوشل سیکورٹی واجبات سرکاری خزانے میں جمع کرائے، جو اطالوی معیشت کا ساڑھے 9 فیصد بنتے ہیں، تارکین وطن کے اطالوی معیشت میں کردار پر Leone Moressa فاؤنڈیشن نے 10 ویں سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔

اس رپورٹ کی تیاری میں عالمی ادارہ برائے مہاجرین، وینس کی کافوسکاری یونیورسٹی سمیت کئی تنظیموں نے مل کر کام کیا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیرملکی ورکرز اٹلی کی معاشی ترقی  کے لئے اہم کردار ادا کررہے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی کی حکومت تارکین وطن پر جتنا خرچ کرتی ہے، غیر ملکی ورکرز نے گزشتہ برس اس سے 500 ملین یورو زیادہ ٹیکسوں و دیگر مدات میں خزانے میں جمع کرائے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تارکین وطن کی زیادہ تعداد جوان افراد پر مشتمل ہے، اس لئے وہ پنشن اور صحت کے نظام پر بوجھ نہیں بن رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیرملکی ورکرز کا اطالوی جی ڈی پی میں حصہ گزشتہ برس ساڑھے 9 فیصد تھا، اس سال مزید غیرملکی ورکرز کو ایمنسٹی اسکیم کے تحت ریگولرائز کیا جارہا ہے، جس سے اطالوی معیشت کو مزید 360 ملین یورو سالانہ کا فائدہ ہوسکتا ہے۔

تارکین وطن کی تعداد

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت اٹلی میں غیرملکی ورکرز کی تعداد 25 لاکھ ہے، جو 2010 کے مقابلے میں 31 فیصد زیادہ ہے، ان ورکرز میں زیادہ تعداد 56 فیصد مردوں کی ہے، اور ان میں سے بھی بیشتر کی عمریں 35 سے 54 برس کے درمیان ہیں، غیر ملکی ورکرز زیادہ تر معمولی یا کم مہارت والی ملازمتیں کررہے ہیں، اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ غیرملکی ورکرز میں سے نصف کے پاس مڈل سے زیادہ تعلیم نہیں، ان میں سے صرف 12 فیصد یونیورسٹی ڈگری رکھتے ہیں۔

غیرملکیوں کا بڑھتا کاروبار

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اٹلی میں مقیم تارکین وطن کی کاروبار میں دلچسپی  بھی گزشتہ ایک دہائی میں بڑھی ہے، ایک طرف گزشتہ 10 برسوں میں اٹلی میں پیدا ہونے والے شہریوں کی کمپنیوں میں ساڑھے 9  فیصد کمی آئی ہے، تو دوسری طرف تارکین وطن کے کاروباری اداروں میں 32 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، ان میں چین، رومانیہ، مراکش اور البانیہ سے آبائی تعلق رکھنے والے کاروباری افراد شامل تھے۔ تاہم اب پاکستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن بھی تیزی سے کاروباری خصوصاً تعمیراتی شعبے کی طرف آرہے ہیں۔

تارکین وطن کی سب سے بڑی تعداد تعمیرات کے شعبے کے کاروبار سے ہی وابستہ ہورہی ہے، تارکین وطن کی کمپنیوں نے 2019 میں 125 ارب 90 کروڑ یورو سے زائد کا کاروبار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.