اٹلی حکومت لاک ڈاؤن کے حامیوں اور مخالفین میں پھنس گئی

0

روم: اٹلی کی حکومت کو کرونا کے حوالے سے فیصلوں پر دہرے دباؤ کا سامنا ہے، ایک طرف طبی ماہرین اور سائنسدان سخت پابندیوں اور مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کررہے ہیں، سرکاری طبی ماہر نے 2 شہروں میں لاک ڈاؤن ضروری قرار دیا ہے، جبکہ اپوزیشن اور ریجنل میئرز سخت پابندیوں کے مخالف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے کیس مزید بڑھے ہیں اور جمعرات  کو یومیہ کیس 27 ہزار کے قریب پہنچ گئے، 26831 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اموات 217 ہوئی ہیں، بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے اطالوی وزارت صحت کے سائنسی مشیر والٹر ریکارڈی نے میلان اور نیپولی میں لاک ڈاؤن کی سفارش کردی ہے، انہوں نے بتایا کہ ان دونوں شہروں میں وبا کی صورتحال ایسی ہوگئی ہے کہ بارز، ریستوران، بس میں سفر کرتے ہوئے، ہر جگہ آپ کے کرونا سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لہذا نیپولی اور میلان میں لاک ڈاؤن ضروری ہوگیا ہے، لیکن باقی شہروں  میں اس کی ضرورت نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی کے کچھ علاقے وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کا مرکز بن گئے ہیں، اور ہمیں اس صورتحال کو روکنا ہوگا۔ اٹلی کے ایک اور اہم طبی ماہر اور  GIMBE فاؤنڈیشن کے صدر نینو کارتا بلوتا نے وبا کے خلاف حکومتی اقدامات کو ناکافی  قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کا ڈیٹا بتارہا ہے کہ کرونا بے قابو ہوتا جارہا ہے، فوری طور پر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، اس سے پہلے اٹلی کے 100 سے زائد  طبی ماہرین اور سائنسدان بھی حکومت سے یہ مطالبہ کرچکے ہیں۔

تاہم دوسری طرف اپوزیشن رہنما اور مختلف ریجنز کے مئیرز حکومتی پابندیوں کی مخالفت کررہے ہیں، اور وہ ان مظاہرین    سے یکجہتی کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں، جو کرونا پابندیوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

مئیرز کا ردعمل

میلان اور نیپولی کے مئیرز نے حکومتی سائنسی مشیر کی طرف سے لاک ڈاؤن کی تجویز کی سخت مخالفت کی ہے، میلان کے مئیر گوسپے سیلا اور نیپولی کے مئیر لیگوئی ڈی مجسٹریس نے وزیر صحت خط لکھا ہے، جس میں ان سے پوچھا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ سائنسی مشیر نے  لاک ڈاؤن کی بات ایک کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کی ہے، یا پھر یہ وزارت صحت کی رائے ہے،  دونوں مئیرز نے مرکزی حکومت سے مزید وضاحت مانگی ہے کہ اگر لاک ڈاؤن اس کی رائے ہے، تو بتایا جائے کہ اس کی بنیاد کون سے اعدادوشمار یا معلومات ہیں۔

اتحاد پر زور

ان حالات میں اطالوی وزیراعظم جوسپے کونتے نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں متحد رہے، پارلیمنٹ سے خطاب میں انہوں نے کرونا کے حوالے سے لگائی  گئی پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے نظام پر دباؤ کم کرنے کے لئے  یہ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ مریضوں کے رابطے ٹریس کرنا مشکل کام ہے، ایسی صورتحال میں صحت کا نظام دباؤ میں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.