اٹلی میں کن نئی پابندیوں کا اعلان، وزیر زراعت نے شہریوں کو کیا مشورہ دیا

0

بلونیا(رپورٹ تنویر ارشاد): اطالوی حکومت نے کرونا کیسز بڑھنے پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے، جن پر رواں ہفتے سے عمل درآمد شروع ہوجائے گا، تاہم وزیراعظم جوسپےکونتے نے ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن کیلئے دباؤ مسترد کردیا ہے، اس دوران وزیر زراعت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ خریداری سے گریز کریں۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی وزیراعظم جوسپے کونتے نے ملک میں بڑھتے کرونا کیسز کے بعد نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے، تاہم انہوں نے طبی تنظیموں کی طرف سے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ نہیں مانا، جن نئے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے، ان میں کرونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں آمد ورفت پر پابندی  لگانا بھی شامل ہے۔ اطالوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کچھ ریجنز میں وبا کی صورتحال بگڑگئی ہے، اور ان حالات میں مداخلت ضروری ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پورے ملک میں یکساں اقدامات کے بجائے ہر علاقے میں مریضوں کی شرح دیکھ کر اقدامات کرے گی، زیادہ متاثرہ علاقوں میں باہر سے آمد ورفت بند کردی جائے گی۔ تاہم اطالوی وزیراعظم نے ویک اینڈز پر پورے ملک میں شاپنگ سینٹرز بند رکھنے، اسی طرح میوزیم مکمل بند کرنے کا اعلان کیا، جبکہ شام کا کرفیو بھی پورے ملک میں لگایا جائے گا، تاہم انہوں نے کرفیو کے وقت کی وضاحت نہیں کی اور توقع ہے کہ اس کی  وضاحت پابندیوں کے نئے حکم نامے میں کی جائے گی، جو جلد متوقع ہے، جوسپے کونتے نے مزید کہا کہ اسکولوں کو فاصلاتی تعلیم یعنی آن لائن کلاسز پر منتقل کیا جائے گا۔

جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد گنجائش سے زیادہ سواریوں پر پابندی ہوگی، ادھر اطالوی وزیر زراعت ٹریسا بیلا نووا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبراہٹ میں خریداری نہ کریں، انہوں نے کہا کہ مجھے یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ لوگ نئے لاک ڈاؤن کے خدشے  پر فوڈ اسٹورز کے باہر خریداری کے لئے قطاروں میں کھڑے ہیں، انہیں حکومت کی طرف سے یقین دلانا چاہتی ہوں کہ ہماری فوڈ چین محفوظ ہے، لہذا شہری صرف ضرورت کے مطابق خریداری کریں، تاکہ خوراک ضائع نہ ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.