اٹلی میں غیرملکیوں کیلئے بڑی خوشخبری، عدالت نے بڑا حکم دے دیا

0

میلان: اٹلی میں فیملی سمیت مقیم غیرملکیوں کے حق میں اطالوی عدالت نے بڑا فیصلہ سنادیا ہے، لاکھوں غیرملکیوں کو بھی اب بونس مل سکےگا، عدالت نے بونس کے لئے حکومت کی مقرر کردہ شرط غیر قانونی قرار دے دی  ہے، معذور بچوں کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  میلان میں عدالت نے ملک میں مقیم غیرملکیوں کے حق میں اہم فیصلہ سنایا ہے، جس سے فیملی سمیت اٹلی میں مقیم لاکھوں غیر ملکیوں کو فائدہ ہوگا، اطالوی حکومت اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کا الاؤنس دیتی ہے، جسے نرسری اسکول الاؤنس کہا جاتا ہے، تاہم اس الاونس کے لئے یہ شرط رکھی گئی تھی کہ یہ صرف ان بچوں کے والدین کو ملے گا، جن کے پاس لمبے عرصے کا رہائشی پرمٹ ہے، اس شرط کے باعث لاکھوں غیرملکی خاندان بچوں کے لئے ملنے والے اس بونس سے محروم تھے، کیوں کہ اٹلی میں مقیم غیرملکیوں کی بڑی تعداد کے پاس صرف ایک سے دو سال کے پرمٹ ہیں، تاہم اب میلان کی عدالت نے حکومت کی شرط کا امتیازی قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے، عدالت نے قرار دیا کہ یورپی یونین قوانین کے تحت ایسے تمام افراد جو قانونی دستاویز رکھتے ہیں، حکومت انہیں اطالوی شہریوں کی طرح تمام حقوق دینے کی پابند ہے، یہ فیصلہ تین تنظیموں ایسوسی ایشن فار جیورڈیشل اسٹڈیز آن امیگریشن، اٹارنی فار نتھنگ، اور لیگ فار رائٹس فار پیپل ود ڈس ایبیلیٹیز کی اپیل پر سنایا گیا ہے۔

عدالت کے فیصلے کے بعد اب کسی بھی قسم کا پرمٹ رکھنے والے غیرملکی خاندانوں کو زیر تعلیم بچوں کا بونس مل سکے گا، اور حکومت اس کی پابند ہوگی، عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ایسے غیر ملکیوں کو اس اسکیم سے باہر رکھنا جن کے پاس لانگ ٹرم  پرمٹ نہیں ہے، امتیازی رویہ ہے، اور یہ غیر قانونی عمل ہے، عدالت نے اٹلی کے سوشل سیکورٹی ادارے آئی این پی ایس اور کابینہ کو حکم دیا ہے کہ وہ پورے ملک میں ایسے تمام غیرملکیوں کو اس بینیفٹ کا فائدہ پہنچائے، جن کے پاس کسی بھی قسم کے پرمٹ موجود ہیں، اس کے علاوہ ایسے معذور بچے جو معذوری کی وجہ سے اسکول نہیں جاسکتے، ان کے والدین کو بھی یہ الاؤنس دیا جائے گا، تاکہ وہ اپنے بچوں کی گھروں پر اچھی طرح دیکھ بھال کرسکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.