اٹلی میں نیا سیاسی بحران سر اٹھانے لگا

0

روم: اٹلی میں جہاں سیاسی حکومتوں کے مدت پوری نہ ہونے کی روایت پاکستان کی طرح موجود ہے، وہاں ایک بار پھر سیاسی بحران سر اٹھانے لگا ہے، جس کے بڑھنے کی صورت میں حکومت خطرے میں پڑسکتی ہے، اٹلی کی مخلوط حکومت میں یورپی یونین سے ملنے والے 209 ارب یورو کے فنڈز پر اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کی مخلوط حکومت میں یورپی یونین سے ملنے والے 209 ارب یورو کے فنڈز کے استعمال کی نگرانی کے معاملے پر اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، وزیراعظم جوزپے کونتے ان فنڈز کو ٹاسک فورس بنا کر اس کی نگرانی میں خرچ کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کے اہم اتحادی اور اطالیا ویوا پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعظم میٹیو رینزی نے اس کی مخالفت  کردی ہے، اور انتباہ کیا ہے کہ وزیراعظم جوزپے کونتے نے فیصلہ واپس نہ لیا تو وہ ان کی حکومت گرا سکتے ہیں۔ میٹیو رینزی نے یورپی یونین سے ملنے والا ریکوری فنڈ خرچ کرنے کے لئے ٹاسک فورس بنانے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے وزیراعظم سے کہا ہے کہ وہ اس تجویز کو واپس لیں، کیوں کہ ٹاسک فورس بنانے سے ارکان پارلیمان کا کردار متاثر ہوگا، اور خدشہ ہے کہ  انہیں سائیڈ لائن کردیا جائے گا، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وزیراعظم جوزپے کونتے نے سالوینی جیسے مکمل اختیارات کا فیصلہ کیا تو ان کا جواب ناں میں ہوگا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے فیصلے پر یوٹرن نہ لیا تو وہ اپنی جماعت کی حمایت واپس لینے سے دریغ نہیں کریں گے، ہم اداروں کے اختیار پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

دوسری طرف وزیراعظم جوزپے کونتے کا کہنا تھا کہ وہ اسی صورت اقتدار میں رہیں گے، جب انہیں حکومت میں شامل تمام جماعتوں کی حمایت حاصل رہے، میٹیو رینزی کی جانب سے حکومت کی حمایت ختم کرنے کے انتباہ کے بعد برسلز میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے، اور انہیں نبھانے کی پوری کوشش کروں گا۔ حکومت میں شامل ساری جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، ہم اتحادیوں کے تحفظات دور کریں گے، اس سوال پر کہ اٹلی ایک بار پھر 2021 میں بھی تو الیکشن نہیں دیکھ رہا، جوزپے کونتے کا کہنا تھا کہ ہمیں بڑے چیلنج درپیش ہیں، اور آگے بڑھنے کے لئے ایک دوسرے پر اعتماد کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ اگست 2019 میں بھی سابق وزیرداخلہ ماتیو سالوینی نے اطالوی حکومت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے وزیراعظم جوزپے کونتے کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم وزیراعظم نے اس سے قبل ہی استعفی دے دیا تھا، جس کے بعد نئی مخلوط حکومت تشکیل دی گئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.