برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم آگئی

0

لندن: جہاں ایک طرف برطانیہ میں وبا کے خلاف ویکسی نیشن کا آغاز کیا جاچکا ہے، تو دوسری جانب حالیہ دونوں میں ملک میں کورونا وائرس کی ایک نئی قسم کے کیسز سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے، جو برطانیہ کے مختلف علاقوں میں تیزی سے پھیل بھی رہی ہے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیر صحت میٹ ہینکوک نے پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایوان نمائندگان کو بتایا کہ کورونا وائرس کی ایک نئی قسم دریافت ہوئی ہے، جو برطانیہ کے مختلف علاقوں میں تیزی سے پھیل بھی رہی ہے، اور اب تک صرف جنوبی برطانیہ میں اس کے 1 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نئی قسم کے وائرس کے کیسز لندن، کینٹ، اسیکس سمیت برطانیہ کے 60 سے زائد علاقوں میں رپورٹ کیے گئے ہیں۔

میٹ ہینکوک نے بتایا کہ کرونا وائرس کی نئی قسم سے متعلق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو آگاہ کردیا گیا ہے، جبکہ برطانوی سائنسدانوں نے بھی اس پر تحقیق شروع کردی ہے۔ وزیرصحت نے نئی قسم کے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ویکسین کی افادیت  پر بھی سوال اٹھادیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ کے نئی قسم پر وبا کیلئے بنائی گئی ویکسین اثر کرے گی یا نہیں۔

دوسری جانب ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ نئی دریافت بھیانک ہوسکتی ہے، طبی ماہرین نے  کہاکہ یہ نئی بیماری کورونا وائرس میں میوٹیشن عمل کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہے، تاہم سائنس دان اب تک نئی قسم کی اصل جڑ تک نہیں پہنچ سکے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.