نیپولی میں غیر مرئی طاقتوں پر یقین رکھنے والے پریشان

0

نیپولی: نیپولی کے ساتھ کچھ برا ہونے والا ہے، اطالوی شہر کے غیر مرئی طاقتوں پر یقین رکھنے والے باسی خوفزدہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اطالوی شہر نیپولی میں بدھ کے روز چوتھی صدی عیسوی کے سینٹ San Gennaro کا ایک بوتل میں محفوظ خون ان کے ماننے والوں کے سامنے لایا گیا۔

اور انہوں نے اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کی، تاہم بوتل میں موجود یہ خون جما رہا اور اس نے محلول کی شکل اختیار نہ کی، جس پر وہاں موجود ان کے عقیدت مند پریشان ہوگئے، اس کے بعد شام کو ایک بار پھر ان کے عقیدت مند شہر کے گرجا گھر میں جمع ہوئے، اور پھر انہوں نے اپنے عقیدے کےمطابق کئی گھنٹے تک  مذہبی فرائض انجام دئیے، لیکن اس بار بھی نتیجہ مختلف نہ نکلا اور چوتھی صدی کے  اس سینٹ کا بوتل میں موجود خون بدستور جما رہا، اور اس نے پانی کی شکل اختیار نہ کی۔سینٹ گنارو کے عقیدت مندوں کا عقیدہ ہے کہ بوتل میں موجود خون ایک معجزہ ہے، اور وہ سال میں تین بار مئی کے پہلے ہفتے، 19 ستمبر اور پھر 16 دسمبر کو شہر کے گرجا گھر میں آکر اس بوتل کو سامنے لائے جانے کے موقع پر مخصوص مذہبی فرائض ادا کرتے ہیں،

جس کے دوران ان کا کہنا ہے کہ بوتل میں موجود خون محلول کی شکل اختیار کرلیتا ہے، لیکن اگر کبھی وہ محلول نہ بنے اور بدستور خشک رہے، تو یہ بدشگونی کی علامت ہے۔ اگر 19 ستمبر کے دن ایسا نہ ہو، تو اسے بڑی آفت کی نشانی سمجھا جاتا ہے، تاہم باقی دو مواقع پر بھی خون محلول نہ بنے تو اسے ماننے والے خوفزدہ ہوجاتے ہیں، اور سمجھتے ہیں کہ اب شہر میں کچھ برا ہونےوالا ہے۔ اس سے پہلے 9 ستمبر 1980 کو بھی یہ خون محلول نہیں بنا تھا، اور اس کے 2 ماہ بعد طاقتور زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں، سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بظاہر بوتل کے اندر جو چیز موجود ہے، وہ انسانی خون ہی ہے،  لیکن اس کی وضاحت نہیں کرتے کہ وہ کبھی محلول میں کیوں بدل جاتا ہے، اور کبھی کیوں نہیں بدلتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.