روس نے کرونا کیخلاف پاکستان کی طرف تعاون کا ہاتھ بڑھادیا

0

اسلام آباد: روس نے پاکستان کی طرف جھکاؤ کا ایک اور بڑا اشارہ دیا ہے، اور اپنی تیار کردہ کرونا ویکسین اسپٹنک فائیو کی پاکستان میں رجسٹریشن کے لئے رجوع کرلیا ہے، اس سے قبل دونوں ملکوں نے پاکستان میں سب سے بڑی گیس لائن بچھانے کا معاہدہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق چین کے بعد روس نے بھی پاکستان کو کرونا سے نمٹنے کے لئے تعاون کی پیشکش کردی ہے، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے نام لکھے گئے خط میں روسی ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ کے سربراہ نے کہا ہے کہ پاکستان اسپٹنک فائیو ویکسین کے لئے اپنی ڈیمانڈ سے آگاہ کرے، روس اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے، خط میں بتایاگیا ہے کہ اسپٹنک ویکسین نہ صرف 91 فیصد تک مؤثر ہے، بلکہ اس کی قیمت بھی 10 ڈالر سے کم رکھی گئی ہے، اس  کے علاوہ جرمن بائیون ٹیک اور امریکی کمپنی  فائزر کی ویکسین کے مقابلے میں روسی ویکسین محفوظ رکھنا بھی آسان ہے، یہ منفی 2 تا 8 درجہ حرارت پر محفوظ رہ سکتی ہے۔

خیال رہے کہ یورپ میں ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کو کرونا کی ویکسین دینے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اٹلی میں ایک ڈاکٹر جسے ویکسین کی ڈوز دی گئی تھی وہ بھی کرونا کا شکار ہوگیا ہے، مذکورہ ڈاکٹر کو فائزر اور بائیون ٹیک کمپنیوں کی تیار کردہ ویکسین کی دی گئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.