اٹلی میں بغیر کاغذ پاکستانیوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے والے پکڑے گئے

0

روم: اٹلی میں بغیر کاغذات کے پاکستانی تارکین وطن کی مجبوری سے فائدہ اٹھانا چینی شہریوں کو مہنگا پڑگیا، اطالوی حکام نے تارکین وطن کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ان سے روزانہ گھنٹوں اضافی مزدوری کرانے والوں کو دھرلیا ہے، کمپنی کی مشینری اور بھاری رقم بھی برآمد کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے ریجن تسکونی کے علاقے پراٹو میں پولیس نے تین چینی شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے، یہ چینی شہری پاکستانیوں سمیت 30 سے زائد تارکین وطن کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ان کا استحصال کررہے تھے، پاکستانیوں سمیت کاغذات سے محروم تارکین وطن کو یہ اپنی فیکٹری میں ملازم رکھتے، اور پھر ہفتہ میں ساتوں دن بغیر کسی چھٹی کے ان سے 12 سے 14 گھنٹے کام لیتے تھے، اس کے باوجود انہیں تنخواہ بھی معمولی دی جاتی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ اس ظلم میں ملوث تینوں چینی شہریوں کے وارنٹ جاری کئے گئے ہیں، ان میں سے 2 کو گھروں میں قید کردیا گیا ہے، جبکہ تیسرے کے رہائشی پرمٹ پر بھی پابندی لگادی گئی ہے، یہ تینوں پاکستانیوں، بنگلہ دیشی اور افغان تارکین کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ان سے کام لے رہے تھے۔

کرونا لاک ڈاؤن کے دوران جب پورے اٹلی میں کاروبار اور فیکٹریاں بند تھیں، چینی باشندے اس وقت بھی ان تارکین سے کام لیتے رہے، اس کے علاوہ  انہیں غیر انسانی ماحول میں رہنے پر مجبور کیا گیا تھا، پراٹو کے پراسیکیوٹر گوسپے نکولسی کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران حکام نے مشینری سمیت ڈھائی لاکھ یورو سے زائد کے اثاثے تحویل میں لئے ہیں، کمپنی  سوشل سیکورٹی بھی ادا نہیں کررہی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.