برطانیہ واپسی پر ہوٹلوں میں لازمی قرنطینہ نافذ، کون سے ملک متاثر ہونگے؟

0

لندن: کرونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ کی پریشانی برقرار ہے، اور انگلینڈ میں حکومت نے 33 ممالک سے آنے والوں کیلئے ہوٹلوں میں قرنطینہ لازمی قرار دے دیا، جو ان ملکوں سے آنے والوں کو 2 ہزار پاؤنڈ تک میں پڑے گا، اس طرح ٹکٹ اور دیگر اخراجات سے زیادہ برطانیہ لوٹنے والوں کو قرنطینہ کے اخراجات برداشت کرنے پڑیں گے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے نئے وائرس سے زیادہ متاثرہ 33 ممالک سے آنے والے تمام مسافروں بشمول برطانوی شہریوں  کے لئے ہوٹلوں میں 10 روز تک کا قرنطینہ لازمی قرار دے دیا ہے، جن پر 1750 ہزار 750 پاؤنڈ خرچہ آئے گا، جبکہ کچھ دیگر اخراجات کے ساتھ یہ 2 ہزار پاؤنڈ تک پہنچ سکتا ہے، پیر سے اس فیصلے پر عمل شروع کردیا گیا ہے، اور پہلے دن مسافروں کو لندن سمیت انگلینڈ کے دیگر ائرپورٹس پر پہنچنے پر ہوٹلوں میں منتقل کردیا گیا، جس پر کچھ مسافروں کی طرف سے زبانی احتجاج بھی دیکھنے میں آیا۔ اسکائی نیوز کے مطابق برازیل سے لوٹنے والے ایک جوڑے Wagner Araujo اور Elaine نے لازمی قرنطینہ کو قید سے تعبیر کیا، اور کہا کہ ملازمتیں پہلے ہی ختم ہوچکی ہیں، ان کے پاس پیسے نہیں ہیں، وہ ہوٹل کا بل کیسے ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:برطانیہ آنے والے مسافروں کیلئے نئی پالیسی، مانچسٹر میں ہزاروں افراد کی ٹیسٹنگ شروع

کن ممالک کیلئے لازمی قرنطینہ ہوگا؟

انگلینڈ نے جن 33 ممالک سے آنے والوں کے لئے ہوٹل کا قرنطینہ لازمی قرار دیا ہے، ان میں یورپی ملک پرتگال، متحدہ عرب امارات، جنوبی افریقہ، ارجنٹائن، ماریشس، موزمبیق، پانامہ، پیراگوئے، ملاوی، موزمبیق، انگولا، برازیل، بولیویا، تنزانیہ، یورا گوئے، بوٹسوانا، چلی، کولمبیا، کیپ وردی، کانگو، ایکواڈور، وینز ویلا، زمبابوے، ایسواٹینی، فرینچ گینیا، گیانا، لیسوتھو، نمیبیا، پیرو، روانڈا، سیشلز اور سوری نیم  شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:برطانیہ میں کرونا کا نشانہ بننے والوں میں پاکستانی سرفہرست، وجہ کیا نکلی؟

کرونا کی صورتحال بہتر ہونے اور نیا برطانوی وائرس نہ پائے جانے کی وجہ سے پاکستان کا نام اس لسٹ میں شامل نہیں ہے، یعنی برطانیہ لوٹنے والے پاکستانیوں کو لازمی ہوٹل قرنطینہ میں نہیں رہنا ہوگا، اور اس طرح وہ اس بھاری خرچہ اور پریشانی سے بچ سکیں گے، اسی طرح  بنگلہ دیش، بھارت اور افغانستان کا نام بھی اس فہرست میں نہیں ہے، اور وہاں سے آنے والے بھی اس شرط سے محفوظ رہیں گے۔

خیال رہے کہ برطانیہ کو کرونا کی وبا نے بری طرح لپیٹ میں لے رکھا ہے، اب تک کرونا وائرس کے 40 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 17 ہزار افراد اس وبا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں، تاہم حالیہ چند دنوں میں کرونا کیسز میں کی تعداد میں کافی کمی ہوئی ہے، اور اب یومیہ کیسز کی تعداد 10 ہزار تک آگئی ہے جبکہ روزانہ اموات بھی 250 سے کم ہوگئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.