اٹلی میں پابندیوں میں توسیع، سالوینی نے بڑا مطالبہ کردیا

0

روم: اٹلی میں وزیراعظم ماریو دراغی نے ملک کے مختلف ریجنز کے درمیان سفری پابندیوں میں توسیع کردی ہے، وزیرصحت رابرٹ سپرانزا کا کہنا ہے کہ وبا پر قابو کیلئے یہ اقدام ضروری تھا، لیکن دوسری طرف حکومت کے اتحادی رہنما ماتیو سالوینی کی طرف سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا پر زور مطالبہ سامنے آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا کی صورتحال کنٹرول میں آرہی ہے، لیکن نئے برطانوی وائرس کے خدشے کی وجہ سے  حکومت کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی، اس لئے وزیراعظم ماریو دراغی نے کابینہ کی منظوری سے ریجنز کے درمیان سفری پابندیوں میں 27 مارچ تک توسیع کردی ہے، سابق وزیراعظم جوسپے کونتے کی طرف سے لگائی گئی یہ سفری پابندی جمعرات کو ختم ہورہی تھی، اور اس سے پہلے ہی اس میں توسیع کا حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے، نئی ڈگری میں اس پابندی میں بھی توسیع کردی گئی ہے، جس کے تحت دو افراد اور 14 برس سے چھوٹے تین سے زائد بچوں کے کسی بھی دوسرے کے گھر ملنے جانے پر بھی پابندی ہے۔

سالوینی کا مطالبہ

حکومت کی اتحادی جماعت لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن پابندیوں میں بتدریج نرمی لائے، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے  کہ ہم مرحلہ وار جم، سوئمنگ پول، تھیٹر اور سینما کھولنے کی طرف جائیں جبکہ بچوں کے لئے چرچ سینٹر بھی کھولے جائیں، مقامی ٹی وی سے گفتگو میں سالوینی کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ اقدامات نہ اٹھائے تو معیشت کے ساتھ ساتھ  لوگوں  کی ذہنی صحت پر بھی برے اثرات مرتب ہوں گے، اور ہمیں زیادہ نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.