چھوٹی سی غلطی نے تارکین کو اٹلی پہنچانے والوں کو پکڑا دیا

0

روم: اٹلی میں دو انسانی اسمگلر بظاہر ایک چھوٹی سے غلطی سے پکڑے گئے، پولیس نے انہیں معمول کی چیکنگ کے دوران  روکا، تو ان کے پاس سے ایک ایسی چیز نکلی جس نے انہیں پہلے مشکوک اور پھر ملزم بنادیا، اور یوں ذرا سی غلطی نے انہیں جیل پہنچادیا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے ریجن پالیا puglia کے علاقے Bari میں پولیس نے کرونا کی وجہ سے جاری چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کو روکا تو اس میں سوار افراد نے خود کو ایرانی اور شامی باشندہ بتایا، تاہم ان کے پاس کسی قسم کی دستاویز موجود نہیں تھیں، جس پر انہیں تھانے لے جایا گیا، جہاں ان سے سوالات کے دوران پولیس اہلکاروں نے دیکھا کہ ان کے پاس عام موبائل فونز کے ساتھ سیٹلائٹ فون بھی ہیں، جس پر ان کا شک بڑھ گیا۔

انہوں نے سیٹلائٹ فون لے کر ان کا جائزہ لیا، تو اس میں سمندر کے روٹس برآمد ہوئے ہیں، جو یونان اور اٹلی کو جوڑتے ہیں، اس کے علاوہ ان کے فونز سے تارکین وطن کی تصاویر اور ویڈیوز بھی ملی ہیں، کچھ تصاویر میں دونوں گرفتار انسانی اسمگلرز کشتی پر کھڑے نظر آتے ہیں، جن کے ذریعہ یہ تارکین وطن کو یونان سے اٹلی لاتے تھے، مترجم کی مدد سے تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ دونوں افراد ترکش بولتے ہیں۔

اطالوی پولیس نے ملزمان کے فونز سے ملنے والا ڈیٹا اور تصاویر یورپی پولیس فرنٹکس کے پالیا ریجن میں واقع  ترانتو آفس سے شئیر کیا، جس سے ثابت ہوگیا کہ یہ دونوں انسانی اسمگلر ہیں، اور 9 فروری کو Salento کے ساحل پر جو 32 تارکین وطن ملے تھے، انہیں اٹلی ان دونوں نے ہی پہنچایا تھا، ان تارکین کی حالت کافی خراب تھی، اور وہ سردی کی وجہ سے  ہائپو تھرمیا کا شکار ہورہے تھے، اس کے علاوہ کچھ زخمی بھی ہوچکے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.