اٹلی آنے کیلئے تارکین وطن کا سمندر میں احتجاج

0

روم: موسم گرما شروع ہونے سے قبل ہی کشتیوں کے ذریعہ اٹلی کا رخ کرنے والے تارکین وطن کی آمد میں بڑا اضافہ دیکھا جارہا ہے، اٹلی آنے والے تارکین کی ایک بڑی کھیپ راستے میں ہی سمندر میں پکڑی گئی، لیکن پھر انہوں نے احتجاج شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق موسم گرما شروع ہونے سے قبل ہی تارکین وطن کی بڑی تعداد نے لیبیا کے راستے اٹلی کا رخ کرنا شروع کردیا ہے، اٹلی آتے ہوئے تارکین کی کچھ کشتیاں بحیرہ روم میں خراب اور الٹ گئیں، جس پر وہاں سے گزرنے والے دو تجارتی جہازوں نے انہیں ریسکیو کیا، جبکہ اسپین کی ایک این جی او کے جہاز نے بھی امدادی کارروائی میں کچھ تارکین کو بچایا ہے، اور ان تمام تارکین کو سسلی کی بندرگاہ پر لایا گیا ہے، جن کی تعداد 400 سے زائد بنتی ہے۔ ان میں سے ایک جہاز Vos Triton نے بچائے گئے تارکین کو واپس لیبیا لے جانے کی بھی کوشش کی، جس پر جہاز پر سوار  تارکین وطن نے احتجاج شروع کردیا، اور عملہ مجبور ہوکر انہیں واپس اٹلی کی طرف لے آیا، سب سے زیادہ 232 تارکین کو تو خود اٹلی کا سپلائی جہاز Asso Trenta سمندر سے بچا کر بندرگاہ پہنچا ہے۔

اطالوی ریڈیو کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران ایک لاش بھی ملی ہے، جو کسی غیرملکی  مہاجر کی ہے، جو یورپ آنے کی کوشش میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، سسلی کی بندرگاہ پہنچنے والے تارکین وطن کو کرونا کے ٹیسٹ کے بعد قرنطینہ والے جہاز میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں وہ اپنی قرنطینہ کی مدت پوری کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.