اٹلی اور امریکہ کیلئے آنے والے دن مشکل قرار، ماہرین کی بڑی وارننگ

0

واشنگٹن / روم: امریکہ اور اٹلی کرونا وائرس کی نئی اقسام کے گھیرے میں آگئے ہیں، جس پر ماہرین نے دونوں ملکوں کے لئے آنے والے دن اور ہفتے مشکل قرار دے دیے ہیں، اور خبردار کیا ہے کہ احتیاطی اقدامات بڑھائے نہ گئے تو صورتحال بے قابو بھی ہوسکتی ہے۔

ایسے وقت میں جب ٹیکساس سمیت کئی امریکی ریاستیں لاک ڈاؤن نرم کرنے جارہی ہیں، امریکہ کی اعلیٰ ترین صحت اتھارٹی سی ڈی سی نے خبردار کیا ہے کہ کرونا کی نئی برطانوی قسم کے باعث ملک میں وبا کی چوتھی لہر آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اور اگلے تین ہفتوں میں مزید 47 ہزار اموات کا خدشہ ہے، امریکہ میں یومیہ اموات ایک بار پھر 2 ہزار تک پہنچ سکتی ہیں،  ٹیکساس اور مسی سپی کے گورنرز کی جانب سے پابندیاں نرم کرنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے سی ڈی سی نے وارننگ دی ہے کہ یہ وقت اس کے لئے مناسب نہیں، کرونا کی نئی قسم پہلے ہی تیزی سے پھیل رہی ہے، اس حوالے سے صدر جو بائیڈن نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ امریکی ریاستیں صحت سے متعلق حکام کی ہدایات پر عمل کریں گی، تاکہ جانیں بچائی جاسکیں۔

اٹلی کیلئے وارننگ

اٹلی میں بھی برطانوی وائرس سے صورتحال پھر تیزی سے خرابی کی طرف جارہی ہے، اور ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ سردانیہ کے علاوہ پورا اٹلی ریڈ زون یعنی سخت پابندیوں میں جاسکتا ہے، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق لمباردیا کے طبی کنسلٹنٹ Guido Bertolaso کا کہنا ہے کہ تقریباً پورا اٹلی ریڈزون میں جانے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لمباردیا ایک بار پھر دیگر ریجنز سے زیادہ متاثر ہوسکتا ہے، صورتحال پر کنٹرول کے لئے ویکسین   مہم تیز کرنے سمیت دیگر اقدامات فوری اٹھانے کی ضرورت ہے، ان کی یہ وارننگ ایسے موقع پر سامنے آئی ہے، جب اٹلی میں انفیکشن کی شرح 5.1 فیصد سے بڑھ کر 5.8 فیصد ہوگئی ہے، بدھ کو مزید 20 ہزار884 نئے کیس جبکہ 347 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

اس سے پہلے اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے کرونا ایمرجنسی ڈگری کی منظوری دے دی تھی، جو ہفتہ 6 مارچ سے نافذ ہوگی، اس ڈگری کے تحت زیادہ انفیکشن والے علاقوں میں تمام اسکول بند کردئیے جائیں گے، وزیرصحت رابرٹ سپرانزا کا کہنا ہے کہ ڈگری میں باقی تمام اقدامات پرانے ہیں، صرف زیادہ خطرہ والے علاقوں میں تمام اسکول بند کرنے کا اضافہ کیا گیا ہے، کیوں کہ نیا برطانوی وائرس بچوں کے لئے بھی زیادہ خطرناک ہے، واضح رہے کہ اس وقت اٹلی میں 54 فیصد کیس  برطانوی وائرس کے آرہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.