یورپ پہنچ کر پاکستانی تارکین کو حادثہ پیش آگیا

0

برسلز: ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد یورپ پہنچنے والے پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ بڑا حادثہ پیش آگیا ہے، زمینی راستہ عام طور پر تارکین وطن کے لئے محفوظ تصور کیا جاتا ہے، تاہم پاکستانی شہری اس راستے پر بھی حادثے کا شکار ہوگئے، یہ حادثہ بلقان روٹ پر پیش آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق زمینی راستے سے غیرقانونی طور پر خوشحال یورپی ممالک پہنچنے کی خواہش میں پاکستانی تارکین کے گروپ کو بڑا حادثہ پیش آیا ہے، تارکین کا یہ گروپ کافی عرصے سے بوسنیا میں پھنسا ہوا تھا، وہاں سے اس نے بارڈر پار کرکے یورپی یونین کے رکن ملک کروشیا میں داخل ہونے کی کوشش کی، Saborsko کے جنگلات میں چھپ کر تارکین کا یہ گروپ کروشیا میں داخل ہونے میں کامیاب بھی ہوگیا، لیکن ان کی بدقسمتی کہ جہاں سے وہ داخل ہوئے، اس علاقے میں 30 برس قبل ہونے والی یوگوسلاویہ دور کی جنگ کی بارودی سرنگیں موجود تھی، اور تارکین کے پاؤں اس سے ٹکرا گئے، جس سے پہلے زور دار دھماکہ ہوا، اور پھر تارکین کی بڑی تعداد زخموں سے چور ہو کر گر گئی، جبکہ ان کے پیچھے آنے والے خوفزدہ ہو کر ادھر ادھر بھاگنے لگے۔

کروشیا کے حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں ایک غیرملکی نوجوان جان سے چلا گیا جبکہ 4 شدید زخمی ہوئے ہیں، ایک زخمی کی حالت بھی تشویشناک ہے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کروشیا کی پولیس موقع پر پہنچ گئی، اور انہوں نے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران وہاں چھپے ہوئے مزید 10 تارکین وطن کو پکڑ لیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا ہے، اگر چہ کروشین حکام نے تارکین وطن کی شہریت نہیں بتائی، تاہم تارکین وطن کے حالات اور واقعات پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ انفو مایئگرینٹ نے اسپتال کے حوالے سے بتایا ہے کہ دو زخمیوں کی پاکستانیوں کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے، اور یہ روٹ بھی زیادہ پاکستانی تارکین استعمال کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی سے جانے کی کوشش میں تارکین وطن کے گروپ کو حادثہ

یورپی یونین کے رکن ملک کروشیا نے غیرقانونی تارکین وطن کو روکنے کے لئے بوسنیا کے ساتھ سرحدوں پر سخت پہرہ رکھا ہوا ہے، اور اس سے بچنے کے لئے تارکین اس خطرناک علاقے کا رخ بھی کرلیتے ہیں، جہاں جنگ کے دور کی بارودی سرنگیں اب بھی موجود ہیں، اس علاقے میں 1995 سے لے کر اب تک 200 سے زائد افراد ان سرنگوں کا نشانہ بن کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.