اٹلی اور جرمنی میں تارکین کے سینٹرز میں حادثات پیش آگئے

0

روم: اٹلی اور جرمنی میں تارکین وطن کے سینٹرز میں دو افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں، جن میں جانی نقصان بھی ہوا ہے، ان پیش آئے واقعات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، یہ واقعات اٹلی کے علاقے تورینو اور جرمنی کے وسطی علاقے kronach قصبے میں پیش آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے علاقے تورینو TURIN میں تارکین وطن کے سینٹر میں مقیم ایک 23 سالہ تارک وطن نے پھندا لگا کر خود کا خاتمہ کرلیا ہے، بد نصیب تارک وطن موسیٰ پہلے کیمپ میں نہیں رہتا تھا، بلکہ آزاد تھا، تاہم 9 مئی کو Ventimiglia میں سڑک پر جاتے ہوئے اس پر 3 افراد نے حملہ کیا تھا، اور تشدد کیا تھا، جس پر وہاں پولیس پہنچی، اور موسیٰ سے شناختی دستاویز طلب کیں، جو اس کے پاس نہیں تھیں، کیوں کہ وہ کاغذوں کے بغیر رہ رہا تھا، اس پر پولیس نے اسے تارکین وطن کے سینٹر منتقل کردیا، اس کے بعد سے وہ اسی سینٹر میں مقیم تھا، اور اب اس نے پریشانی کےعالم میں خود کا خاتمہ کرلیا ہے۔اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق حراستی افراد کے حقوق سے متعلق محتسب Mauro Palma نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام موسیٰ کے ساتھ پیش آئے واقعہ کے بعد اس کی حساسیت کا اندازہ لگانے میں ناکام رہے۔ تارکین کے اس سینٹر جانے والے ایک وکیل Gian Luca Vitale کا کہنا ہے کہ موسیٰ کو نفسیاتی سہارے کی ضرورت تھی، جس کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں نئے تارکین کو ملازمتوں سمیت سہولتیں ملیں گی، سینٹرز منظور

دوسری جانب پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ تارک وطن کا تعلق گھانا سے تھا، اور انہوں نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

جرمنی میں کیا ہوا؟

جرمنی میں ملک کے وسطی علاقے میں سیاسی پناہ کے متلاشی پناہ گزینوں کے سینٹر میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے، حکام کے مطابق اتوار کی شام کو Kronach قصبے میں واقع سینٹر میں آگ لگی ، جس میں ایک 31 سالہ خاتون اور 2 سالہ بچہ جھلس کر ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک شخص کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے، آگ سینٹر کے ایک اپارٹمنٹ میں لگی، تاہم اس واقعہ کے بعد سینٹر کو خالی کرکے تارکین کو دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں تارکین وطن کا سینٹر جل گیا

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی  رواں ماہ جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کے سینٹر کو آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا، تاہم یہ آگ تارک وطن نے خود لگائی تھی، اور پولیس نے ملوث تارک وطن کو حراست میں لے لیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.