یواے ای میں آن لائن ٹکٹ کے نام پر پاکستانیوں سے فراڈ

0

دبئی: کرونا بحران کے باعث متحدہ عرب امارات بالخصوص دبئی میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لوٹنے کیلئے جعلساز گروپ سرگرم ہوگئے ، جو مصیبت کی اس گھڑی میں بھی وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کے ساتھ آن لائن ٹکٹ کے نام پر فراڈ کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جعلساز اپنا تعارف پی آئی اے اور سفارتی عملے کی حیثیت سے بھی کرارہے ہیں، کئی پاکستانی ان جعلسازوں کا شکار ہوکر قیمتی رقم سے محروم ہوگئے ہیں اور اب ان کے پاس نیا ٹکٹ خریدنے کیلئے بھی رقم نہیں ہے،

آن لائن ٹکٹ فراڈ کا انکشاف اس وقت ہوا ،جب پاکستانیوں نے ان جعلسازوں کی جانب سے دئیے گئے آن لائن ٹکٹ پر وطن واپسی کیلئے پی آئی اے آفس یا پاکستانی سفارتی حکام سے رابطہ کیا،جس کے بعد دبئی میں پاکستانی قونصل خانہ نے ہم وطنوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آن لائن ٹکٹ ہرگز بُک نہ کرائیں اور کسی کے جھانسے میں نہ آئیں۔

دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام میں دبئی سمیت متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پروازوں کے لیے آن لائن ٹکٹ بُک کرانے اور کسی کو رقم ادا کرنے سے گریز کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جانے والی پروازوں کے ٹکٹ صرف پی آئی اے کے کاؤنٹر ہی پر دستیاب ہیں۔

قونصل جنرل نے کہا کہ بعض جعلساز خود کو قونصل خانے کے اہلکار اور ٹریول ایجنٹ ظاہر کر کے لوگوں سے آن لائن بکنگ کے نام پر رقم اینٹھ رہے ہیں۔

انھوں نے پاکستانیوں کو تاکید کی ہے کہ کسی کو آن لائن رقوم ادا نہ کریں،جب قونصل خانہ آپ سے رابطہ کرے تو پھرپی آئی اے کے کاؤنٹر پر ذاتی طور پرتشریف لے جائیں اور وہاں ٹکٹ کی رقم ادا کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی شہریوں سے بھی جعلساز اسی طرح وطن واپس بھجوانے کے نام پر فراڈ کرچکے ہیں ،جس کے بعد بھارتی سفارتی حکام نے بھی اپنے شہریوں کو جعلسازوں سے بچنے کی ہدایت کی تھی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.