اٹلی نے تارکین وطن کیلئے دروازے کھول دئیے، جہاز لنگر انداز

0

روم: (رپورٹ: تنویر ارشاد) اٹلی میں کورونا بحران کے بعد تارکین وطن کو پہلی بار بندرگاہ پر اترنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

لیبیا سے کشتی کےذریعہ آنے والے جن تارکین وطن کو گزشتہ روز اٹلی کی بائیں بازو کی تنظیم نے لمپاڈسا جزیرے کے قریب سمندر میں بچایا تھا ، ان کے جہاز میری لونیوکو اطالوی حکومت نے سسلی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دے دی ، جس کے بعد 67 تارکین وطن اتوار کو سسلی کی بندرگاہ پر پہنچ گئے۔

جہاز سے اترنے کے بعد تارکین وطن کا طبی معائنہ کیا گیا، جس کے بعد انہیں ضروری امداد فراہم کرکے شیلٹرز میں منتقل کردیا گیا ہے، کئی برسوں کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ تارکین وطن کے جہاز کو 24 گھنٹوں کے اندر اٹلی کی حکومت نے بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اٹلی اور مالٹا کا ڈوبتے تارکین وطن کو بچانے سے انکار، پھر کیا ہوا؟

اس سے قبل سابق وزیرداخلہ ماتیو سالوینی نے تارکین وطن کے جہازوں کیلئے ملکی بندرگاہوں کو مکمل بند کردیا تھا۔

تارکین وطن پر کام کرنے والے اطالوی صحافی نیلو سکیو نے اس موقع پر ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کئی برسوں بعد پہلی بار یہ دیکھنے کو ملا ہے کہ تارکین وطن کو محفوظ مقام 24 گھنٹوں کے اندر فراہم کیا گیا جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اطالوی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

انہوں نے اطالوی حکومت پر زور دیا ہے کہ جرمن تنظیم کے اس جہاز کو بھی محفوظ بندرگاہ فراہم کی جائے ، جس میں وہ 100 تارکین وطن سوار ہیں ، جنہیں گزشتہ ہفتہ لیبیا کے قریب تنظیم نے ڈوبنے سے بچایا تھا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.