لاک ڈاٶن کی مخالفت پر فخر ہے، بھارت کا حال دیکھ لیں، وزیراعظم

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاٶن کی مخالفت پر مجھ پر بہت تنقید ہوئی، مودی کی جانب سے بھارت میں لاک ڈاؤن کی مثالیں دی گئیں ، لیکن مجھے غریب اور دیہاڑی دار کا احساس تھا ،اس لئے میں اس کیخلاف تھا ، اللہ کا شکر ہے میں نے بھارت طرز کے لاک ڈاون کیلئے دباؤ کی مزاحمت کی اور وہ نہیں لگایا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر صوبے پہلے مجھ سے مشاورت کرتے تو ہم مزید نرم پابندیاں لگاتے، انہوں نے سخت لاک ڈاٶن کے نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 34 فیصد بھارتی اس وقت شدید غربت کا شکار ہوچکے ہیں، لوگوں کیلئے روٹی کا حصول مشکل ہوچکا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے جو نرم لاک ڈاٶن کیا، اس سے بھی معاشی طور پر بہت متاثر ہوئے ہیں، ہمارے ہوٹل، شادی ہال اور کھانے پینے کی جگہیں بند ہوگئیں۔

’’احساس ‘‘ پروگرام پر بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں میں عطیات دینے کا جو جذبہ ہے، اسے مجھ سے زیادہ کوئی نہیں سمجھ سکتا، اور یہ عطیات عام لوگ زیادہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کے لیے عطیات جمع کرنے مہنگے اسکول میں یہ سوچ کر گیا کہ وہاں لوگوں سے بڑے عطیات ملیں گے لیکن آخر میں مجھے عطیات عام لوگوں نے ہی دئیے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ کورونا ریلیف فنڈ میں اب تک ساڑھے 4 ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، اور ان میں بھی نصف عطیات عام لوگوں کی طرف سے موصول ہوئے۔

انہوں نے بڑے اسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ آنے والے تیمارداروں کیلئے پناہ گاہیں بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مزدوروں کیلئے بھی پناہ گاہیں بنائی ہیں، تاکہ وہ سڑکوں کے بجائے عزت سے ایک جگہ رکیں اور وہاں انہیں نہانے اور کھانے کی سہولیات میسر ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.