3 کھلاڑیوں کا کورونا پازیٹو، باقی کا انتظار، کرکٹ بورڈ دورہ انگلینڈ کیلئے پریشان

0

لاہور:دورہ  انگلینڈ کیلئے منتخب  پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 3  کھلاڑیوں  کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے ، جس  کے بعد ان کی ٹیم کے ہمراہ روانگی کا امکان ختم ہوگیا، جبکہ کئی کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔

پاکستان کرکٹ پورڈ (پی سی بی) نے 3 کرکٹرز حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کےکرونا میں  مبتلا نکلنے کی تصدیق  کی ہے، حالاں کہ ان میں بظاہر وبا کی کوئی علامت موجود نہیں تھی۔

واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے باہر سے آنے والے  تمام  افراد کیلئے قرنطینہ لازمی  قرار دے رکھا ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کو برطانیہ پہنچنے کے بعد  وہاں بھی 14 روز  قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ تینوں کھلاڑیوں کو ہوم قرنطینہ میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے، جبکہ پی سی بی کا میڈیکل پینل  انہیں طبی مشاورت فراہم کرے گا ۔

یہ تینوں کھلاڑی دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں، اس پورے اسکواڈ کے کورونا ٹیسٹ  کئے گئے ہیں ،اب تک عثمان شنواری اور عماد وسیم کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جبکہ دیگر کے نتائج کا انتظار ہے ۔

 کرکٹ ٹیم کی برطانیہ روانگی رواں ہفتے متوقع ہے، تاہم جن کھلاڑیوں کا کورونا پازیٹو آگیا ہے، وہ ٹیم کے ہمراہ نہیں جاسکیں گے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اگر منتخب ٹیم کے زیادہ کھلاڑی کورونا سے متاثر نکلتے ہیں، تو پھر معاملے کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا اور ان کھلاڑیوں کے متبادل تلاش کئے جاسکتے ہیں ۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم نے  انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9اگست تک مانچسٹر  میں کھیلنا ہے، دوسرا ٹیسٹ 13 اگست  سے جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے  ہوگا۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ٹی20 میچوں کی سیریز بھی  ہوگی ، جو 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو کھیلے جائیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.