چین سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے بھارت نے پاکستان سے سفارتی جنگ چھیڑ دی

0

اسلام آباد: بھارتی عوام اور ریٹائرڈ جنرلز مودی اور فوجی قیادت سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور خون کا حساب مانگ رہے ہیں اس سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان سے سفارتی جنگ چھیڑ دی ہے، بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی حکومت نے نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے پچاس فیصد عملے کو واپس جانے کا حکم دیدیا، جوابا پاکستان نے بھی اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو اپنا 50 فیصد عملہ واپس بھیجے کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین کے ہاتھوں لداخ میں ملنے والی ہزیمت سے نقصان کا ازالہ اور اپنی ساکھ بحال رکھنے کیلئے بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف مختلف قسم کےاوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، مودی سرکار کی جانب سے پہلے پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کیا گیا، اس کے بعد سفارت خانے کا گھیراؤ بھی کروایا گیا، اور اب پاکستانی ہائی کمیشن کے 50 فیصد عملے کو واپس جانے کا حکم دے دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے یہ اقدام اسلام آباد میں دو بھارتی اہلکاروں کی حراست میں لیے جانے کے بعد اٹھایا ہے، جنہیں اسلام آباد پولیس نے ٹریفک حادثے میں شہری کو زخمی کرنے اور جعلی کرنسی کے الزام میں حراست میں لیا تھا اور انہیں ملک چھوڑ کر واپس جانے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی اس کا جواب دیا ہے، دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا اور بھارتی ناظم الامور کو بھی ہائی کمیشن کے اسٹاف میں 50 فیصد کمی کے احکامات جاری کردیے، اور اس فیصلے پر آئندہ سات روز میں عملدرآمد کی ہدایت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھارت کی جانب سےپاکستان پرویانا کنونشن کی خلاف ورزی کے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کا کہ بھارتی الزامات عملہ میں کمی کا بہانہ ہے، پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت الزامات مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.