ایک ڈالر کے 2 لاکھ ریال، بے قابو کرونا صورتحال، مشکل حالات میں ہیں، ایرانی صدر

0

تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے تسلیم کیا ہے کہ ان کا ملک بہت مشکل صورتحال کا شکار ہوچکا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ کی پابندیوں اور کرونا پھیلنے سے ہم بحران میں گھر چکے ہیں۔

ٹی وی پر قوم سے خطاب میں حسن روحانی نے کہا کہ دشمن کی اقتصادی پابندیوں اور کرونا کی وجہ سے یہ سال ہمارے لئے بہت مشکل ہے، 2018 میں پابندیوں کے ذریعہ ہمیں جکڑنے کا جو سلسلہ دشمن نے شروع کیا تھا، وہ اب عروج پر پہنچ گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی ریال بھی تاریخ کی کم ترین سطح پر جاچکا ہے، اور ایک ڈالر دو لاکھ ایرانی ریال کے برابر ہوگیا ہے۔

ایرانی صدر نے اپنی مخالف مذہبی اسٹیبلشمنٹ کا نام لئے بغیر کہا کہ یہ وقت اس بات کے لیے مناسب نہیں کہ ایران میں تینوں قوتوں کے درمیان اختلاف ہو، ہمیں چاہیے کہ ایک دوسرے کی مدد کریں، ہمارے 6 صوبے تشویش ناک حال میں ہیں اور ملک کے تمام صوبوں کو اس وائرس کا گڑھ بننے کا خطرہ ہے۔

کرونا پر خطرے کی گھنٹی

ایران میں کرونا کی صورتحال بے قابو ہوچکی ہے، اور سرکاری اعداد وشمار کے برعکس لاکھوں افراد اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں، سرکاری سطح پر ساڑھے 10 ہزار ہلاکتوں اور سوا 2 لاکھ متاثرین کی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

ایران میں یومیہ 100 سے زائد افراد اس وبا کی وجہ سے موت کے منہ میں جارہے ہیں، تاہم غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق ایران میں لاکھوں افراد اس وبا میں مبتلا ہیں۔

نائب وزیر صحت علی رضا رئیسی نے وزار ت صحت میں منعقدہ ایک کانفرنس میں بالواسطہ طور پر تسلیم کیا ہے کہ کرونا متاثرین کی تعداد لاکھوں میں ہوسکتی ہے۔

اقتصادی پابندیوں اور لوگوں کو درپیش معاشی مسائل کے سبب ملک میں لاک ڈاؤن جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، عوام ایس او پیز پر عمل کریں اور ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.