غیرملکیوں کیخلاف تقریر مہنگی پڑ گئی، اطالوی رہنما ماتیو سالوینی پر انڈوں کی بارش

0

میلان :اٹلی میں تارکین وطن کےمخالف رہنما اور سابق وزیرداخلہ ماتیو سا لوینی  کو غیرملکیوں کیخلاف  تقریر کی کوشش مہنگی پڑگئی ،نیپولی کےعلاقے موندرا گونی میں عوام نے انڈوں اور ٹماٹروں کی بارش کرکے  بھاگنے پر مجبور کردیا، لوگوں نے سالوینی کو بزدل اور مسخرا قرار دیتے ہوئے ان کیخلاف شدید نعرے بازی کی ، جبکہ سالوینی اس موقع پر غیرملکیوں کو اٹلی سے نکالنے کی باتیں کرتے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق نیپولی  کے علاقے  موندرا گونی میں زراعت کے کام سے وابستہ بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے 43 مزدروں میں کرونا کیس سامنے آئے تھے ،جس پر ان کے 5 رہائشی بلاکس کو حکومت نے  باڑھ لگا کر سیل کردیا تھا ، تاکہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ جاسکیں ، ان بلاکس میں 700 کے قریب غیرملکی کارکن مقیم تھے ،جن میں اکثریت بلغارین کی تھی ۔

گزشتہ جمعہ کو ان بلغارین کارکنوں نے حکومتی پابندی توڑتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کی تھی ،جس پر ان کا پہلے پولیس سے تصادم ہوا اور بعد میں مقامی اطالویوں شہریوں سے بھی ان کی مڈبھیڑ ہوگئی تھی ،اس واقعہ کو غیرملکیوں کیخلاف کیش کرانے کیلئے  ماتیو سالوینی گزشتہ روز موندرا گونی پہنچے تھے  ، جہاں  انہوں نے لوگوں سے خطاب کرنا تھا

استقبال کی جگہ انڈے کیسے پڑے؟

ماتیو سالوینی جب علاقے میں پہنچے تو انہوں نے  اٹلی کے پرچم والا ماسک بھی لگا رکھا تھا، اور وہ بہت پرجوش نظر آرہے تھے، لیکن انہیں اس وقت غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جب  بظاہر ان کے استقبال کیلئے جمع  لوگوں نے ان پر انڈے، پانی کی بوتلیں اور ٹماٹر پھینکنے شروع کردئیے ۔

عوام نے ان کیخلاف نعرے بازی  بھی شروع کردی اور انہیں کرونا سے بڑا ناسور ،مسخرا اور بزدل قرار دیا ، سالوینی نے جب اس عوامی ردعمل کے باوجود پولیس اہلکاروں  کی آڑ لے کر  خطاب کرنے کی کوشش کی تو لوگ اور زیادہ مشتعل ہوگئے اور انڈے اور بوتلیں پھینکنے کا سلسلہ تیز کردیا ، جس کے بعد سالوینی وہاں سے نکلنے پر مجبور ہوگئے ،تاہم انہوں نے جاتے  ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی علاقے میں دوبارہ آئیں گے۔

بعد ازاں ایک ٹی وی انٹرویو میں ماتیو سالوینی نے کہا کہ ان کیخلاف احتجاج سازش کے تحت کرایا گیا ہے اور اس کیلئے باہر سے لوگ بلائے گئے تھے، سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا ہمیں غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو اٹلی سے نکالنا ہوگا، اور اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہمیں نیپولی ریجن میں مزید سرمایہ کاری  کرنے کی ضرورت ہے ،تاہم یہ حالات بہتر بنائے جاسکیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.