یورپ میں پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ، پاکستانیوں کا فیورٹ ملک کونسا

0

روم: یورپ میں سیاسی پناہ  کیلئے درخواستوں کی تعداد 2015 کے مہاجرین کے بحران کے بعد پہلی بار بڑھ گئی ہے، اور گزشتہ برس 2019 اور رواں برس کے پہلے 2 ماہ میں سیاسی پناہ کیلئے درخواستیں دینے والوں کی تعداد میں 16 فیصد تک اضافہ  دیکھا گیا ہے، تاہم کرونا بحران اور لاک ڈاؤن کے بعد اس میں ٹھہراؤ آگیا ہے ۔

سابق وزیرداخلہ ماتیو سالوینی کی سخت گیر پالیسیوں کی وجہ سے اٹلی  پہلی بار سیاسی پناہ گزینوں کے حوالے سے پہلے 5 یورپی ممالک کی فہرست سے نکل گیا ہے، تاہم پاکستانیوں کے لحاظ سے اٹلی اب بھی فیورٹ  ملک ہے، اور اٹلی میں سیاسی پناہ طلب کرنے والوں میں سب سے بڑی تعداد پاکستانیوں کی ہے۔

یورپ میں سیاسی پناہ گزینوں کا ریکارڈ رکھنے والے ادارے یورپین اسائلم سپورٹ آفس کے مطابق 2015 کے مہاجرین بحران کے بعد پہلی بار گزشتہ برس 2019 میں سیاسی پناہ کی درخواستوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، تاہم اٹلی پہلی بار اس فہرست میں نیچے چلاگیا ہے، اور وہ اب ٹاپ  فائیو ممالک میں شامل نہیں، یعنی سیاسی پناہ گزین اب اٹلی کا کم تعداد میں رخ کررہے ہیں۔

گزشتہ برس 2019 میں برطانیہ، آئس لینڈ، ناروے اور لیسچنسٹن سمیت یورپ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں میں 11 فیصد اضافہ ہوا اور ان کی تعداد 7 لاکھ 38 ہزار425 رہی، جبکہ رواں برس کے پہلے دو ماہ جنوری فروری میں یہ رجحان مزید بڑھا اور سیاسی پناہ کی درخواستوں میں 16 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

ٹاپ فائیو ممالک

اس دوران سیاسی پناہ کی سب سے زیادہ درخواستیں  جرمنی ،فرانس ،اسپین ،یونان  اور مالٹا میں دائر کی گئیں ، جبکہ قبرص   میں بھی  یہ شرح بہت زیادہ بڑھی۔

پاکستان، بھارت، ایران، عراق اور افغانستان جیسے غریب ممالک کے شہریوں کے برعکس اس دوران جنوبی امریکہ کے ممالک وینزویلا اور کولمبیا  کے باشندوں کی طرف سے سیاسی پناہ طلب کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھا، جس کی ایک وجہ امریکہ کی جانب سے اپنی سرحدوں پر سختی کرنا بھی ہوسکتا ہے۔

وینزویلا جو معاشی بحران کا شکار ہے، وہاں کے باشندوں کی طرف سے 2018 کے مقابلے میں 2019 میں سیاسی پناہ کی درخواستوں میں 103 فیصد جبکہ کولمبیا کے باشندوں کی طرف سے ریکارڈ 214 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جرمنی میں گزشتہ برس سب سے زیادہ ایک لاکھ 65 ہزار 615 افراد نے سیاسی پناہ طلب کی، فرانس  ایک لاکھ 28 ہزار 940 کے ساتھ دوسرے نمبر پر، اسپین ایک لاکھ 17 ہزار 795 درخواستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

اٹلی جو اس سے پہلے سیاسی پناہ گزینوں کے حوالے سے ٹاپ پر تھا، گزشتہ برس وہاں صرف 43 ہزار 770 افراد نے سیاسی پناہ طلب کی، جن میں اکثریت پاکستانیوں کی تھی۔

یورپ میں پناہ کے خواہشمندوں میں سب سے زیادہ تعداد جنگ زدہ شام ،افغانستان اور پھر  معاشی بحران کا شکار وینزویلا کے شہریوں کی  ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.