نثار مورائی کے ڈاکٹر سے مافیا بننے تک کے سفر کی کہانی

0

کراچی: سندھ حکومت نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو  بچانے کیلئے اپنی ویب سائٹ پر ایڈٹ شدہ اور نامکمل جے آئی ٹی رپورٹ جاری کرنا شروع کردیں، آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے قریبی نثار مورائی کی جو جے آئی ٹی رپورٹ ویب سائٹ پر ڈالی گئی، اس میں رینجرز اور ملٹری انٹیلی جنس کے افسران کے دستخط ہی موجود نہیں۔

جے آئی ٹی کو پیپلزپارٹی کے مخالف رہنما ذوالفقار مرزا کیخلاف رپورٹ کے طور پر جاری کیا گیا ہے، نثارمورائی کے کالے دھندوں کی سرپرست اور اسے اہم عہدوں سے نوازنے  والی پی پی پی قیادت کا تذکرہ موجود نہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کی ویب سائٹ پر جاری رپورٹ میں پی پی رہنما نثار مورائی نے جے آئی ٹی کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ وہ بھتہ خوری، زمینوں پر قبضوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ٹھیکوں کے دھندے میں ملوث رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر نثار احمد جان میمن مورائی ولد ڈاکٹر محمد بچل میمن 1994 سے 1999 تک گورنمنٹ جامشورو میں میڈیکل آفیسر کے طور پر تعیناتی رہا، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت بننے کے بعد 2009 میں اسے ابرہیم حیدری  اسپتال کراچی میں تعینات کیا گیا، لیکن اس وقت تک وہ پی پی پی  قیادت کے قریب ہوچکا تھا، اس لئے  وہ  گھوسٹ ملازم ہوگیا اور بغیر کام کئے  تنخواہ وصولتا رہا، لیکن پی پی پی کی سیاسی سرگرمیوں میں شریک ہوتا رہا۔

یہیں سے وہ زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے قریب ہوا، اور اسے فریال کی سفارش پر 9 جنوری 2014 کو چیئرمین فشریز تعینات کیا گیا، فشریز میں 2 برسوں کے دوران اس نے 150 سے زائد غیرقانونی بھرتیاں کیں، جن میں گریڈ 17 اور 18 کی 80 سے زائد بھرتیاں بھی شامل ہیں۔

سندھ حکومت کی جاری جے آئی ٹی میں نثار مورائی نے بتایا کہ سابق وزیرداخلہ ذولفقار مرزا نے اسے  رائفل اور دو پستول تحفے میں دیئے تھے۔

نثار مورائی نے اعتراف  کیا کہ وہ فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی کے قمر سلطان سے ماہانہ کی بنیاد پر بھاری بھتہ وصول کرتا تھا۔ نثار مورائی کے مطابق اکتوبر 2014 میں کینسر کے علاج کیلئے جب امریکہ گیا تھا، تو 55 ہزار ڈالر ساتھ لے کر گیا تھا، بعد میں سلطان قمر صدیقی نے انہیں مزید ایک  ملین ڈالر بھیجے۔

مورائی کے مطابق گینگ وار سربراہ عذیر بلوچ سے وہ پہلی بار 2010 میں ذوالفقار مرزا کے توسط سے ملا تھا۔

نثار مورائی نے جے آئی ٹی کے سامنے ڈینسر کراچی میں ہزار گز اور حیدرآباد میں 500 گزکے بنگلے سمیت کروڑوں روپے کی املاک تسلیم کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.