بوسنیا کی سرحد پر پھنسے پاکستانی مشکلات سے دوچار

0

سراجیوو: بوسنیا میں پھنسے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ افسوسناک  واقعہ پیش آگیا، جہاں افغان تارکین وطن پاکستانیوں سے سب کچھ لوٹ کر کروشیا کی طرف چلے گئے، یہ واقعہ بوسنیا کے علاقے بہاک Bihac میں پیش آیا، جہاں مقامی حکام نے تارکین وطن کا کیمپ ختم کیا تھا، خبر کی مزید تفصیلات نیچے موجود ہیں۔

اقوام متحدہ کی پیشکش

اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے آئی او ایم  نے بوسنیا پر زور دیا ہے کہ وہ موسم سرما سے قبل تارکین وطن کیلئے رہائش کا مناسب انتطام کرے، اس سلسلے میں عالمی ادارہ ہر مدد کے لئے تیار ہے،اس وقت بوسنیا میں تارکین وطن کی تعداد کا اندازہ 10 ہزار لگایا گیا ہے، جو یورپی یونین کے رکن پڑوسی ملک کروشیا میں داخلے کی کوشش  میں یہاں پھنسے ہوئے ہیں،آئی او ایم کے نمائندے پیٹر وین علاقے کے دورہ کے بعد کہا ہے کہ وہ بوسنیا کو مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں،سردی سے قبل تارکین وطن کو رہائش فراہم کرنا ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق بوسنیا میں پھنسے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کے گروپ کو بڑا سانحہ پیش آیا ہے، جرمن خبررساں ادارے ڈی ڈبیلو کے مطابق تصادم میں 2 پاکستانی تارکین وطن جاں بحق ہوگئے ہیں، جبکہ 20 سے زائد زخمی ہیں، متاثرین میں شامل پاکستانی 18 سالہ محمد اکرام نے بتایا کہ حملہ آور مسلح تھے، اس لئے ہم ان کے سامنے بے بس تھے، وہ پاکستانی تارکین وطن کو مار رہے تھے، انہوں نے ہم سے پیسے، موبائل فون ہرچیز چھین لی،ہم مدد کیلئے پکاررہے تھے،لیکن وہاں کوئی ہماری مدد کیلئے نہیں پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق یہ تصادم اس موقع پر ہوا ہے،جب بوسنیا کے حکام نے بہاک میں بیرا کا رسیپشن سینٹرخالی کرایا ہے، اور وہاں مقیم 350 تارکین وطن کو  جنوب میں لیپا کے مرکز میں منتقل کیا ہے، تاہم لیپا کا مہاجر مرکز پہلے ہی گنجائش سے زائد بھرا ہوا ہے، اور نئے آنے والوں  کو شدید سردی میں  کھلے آسمان تلے  وقت گزارنا پڑرہا ہے، وہاں  کوئی بنیادی سہولت بھی موجود نہیں ہے۔

مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ پاکستانی اور افغان تارکین وطن میں تصادم کا واقعہ ہے، اور حملہ آور کروشیا کی سرحد کی طرف فرار ہوگئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس تارکین وطن کے لئے کوئی انتظام نہیں ہے، ہم مرکزی حکومت کو لکھتے رہے ہیں، لیکن 3 برسوں میں ہمیں کسی طرف سے امداد نہیں ملی،مہاجرین سے متعلق اطلاعات فراہم کرنے والی یورپی ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 20 زخمیوں میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.