پاکستانی ایمبیسی نے اٹلی میں ورک ویزوں کیلئے گائیڈ لائن جاری کردیں

0

روم: اٹلی میں ورک ویزوں کی اسکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستانی سفارتخانہ روم نے گائیڈ لائن جاری کردی ہیں، سفیر پاکستان کا کہنا ہے کہ کرونا کے باوجود روم سفارتخانہ اور میلان قونصلیٹ میں قونصلر سروس کو کھلا رکھا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی ورکرز کو اٹلی لانے میں کردار ادا کیا جاسکے۔

روم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر جوہر سلیم نے بتایا کہ پاکستان کو دو برس کے وقفے کے بعد اٹلی حکومت نے ورک ویزا اسکیم میں شامل کیا ہے، جس میں سیزنل ویزے اور ورک پرمٹ دونوں شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ اسکیم میں پاکستان کی دوبارہ شمولیت کیلئے بھرپور کوششیں کرتا رہا۔ جو کامیا ب ہوئیں، اٹلی حکومت نے 30 ہزار ورک ویزے منتخب ممالک کے ورکرز کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ہمیں امید ہے کہ پاکستانی ورکرز سب سے زیادہ اٹلی آئیں گے کیوں کہ پاکستانی ورکرز کی اٹلی میں بہت ڈیمانڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت زراعت، ٹرانسپورٹ، سیاحت (ہوٹلنگ) اور فریٹ فارورڈنگ یعنی سامان کی نقل وحمل کے شعبے سے وابستہ پاکستانی ورکر اٹلی کی اس اسکیم کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں، بالخصوص زراعت کے شعبے میں پاکستانی ورکرز کیلئے بڑی گنجائش ہے، سفارتخانہ اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ پاکستانی ورکرز کو اٹلی لانے کیلئے کمیونٹی کو بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔

جوہر سلیم نے بتایا کہ اٹلی میں کرونا کی صورتحال کے باوجود ہم نے روم سفارتخانہ اور میلان قونصلیٹ میں قونصلر سروس کو کھلا رکھا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی ورکرز کو لانے میں کردار ادا کیا جاسکے، اس سے قبل ایمنسٹی اسکیم کے تحت بغیر دستاویزات والے پاکستانی ورکرز کو لیگل کرنے کیلئے بھی سفارتخانے نے ہر ممکن تعاون فراہم کیا ہے، جس کی بدولت 18 ہزار پاکستانیوں نے قانونی دستاویزات کیلئے ڈاکیومنٹ جمع کرائے ہیں۔

جوہر سلیم نے بتایا کہ بریگزٹ کے بعد یورپی یونین میں سب سے بڑی پاکستانی کمیونٹی اب اٹلی میں ہے اور ورک ویزوں پر مزید ورکرز کی آمد کی امید ہے۔ گزشتہ برس اٹلی سے پاکستانیوں نے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ بھیجا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.