پی آئی اے نے پروازوں پر پابندی کا حل نکال لیا

0

لندن: پاکستان کی قومی ائرلائن پی آئی اے نے برطانیہ کیلئے اپنا فضائی آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا ہے اورٹکٹوں کی بکنگ بھی شروع کردی گئی ہے، لاہور اور اسلام آباد سے لندن اور مانچسٹر کیلئے براہ راست پروازیں  چلائی جائیں گی، جن میں حلا ل کھانے سمیت اعلیٰ معیار کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

 تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی پابندی کا پی آئی اے نے توڑ نکال لیا ہے، اور 30 اکتوبر سے برطانیہ کے لئے آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے نئے یورپی طیارے بھی حاصل کرلئے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور لاہور سے لندن جبکہ اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان پروازیں بحال کی جارہی ہیں، پائلٹوں کے لائسنس کے معاملے پر برطانوی پابندی کا حل یہ نکالا گیا ہے، کہ پہلے مرحلے میں پی آئی اے غیر ملکی عملے کی خدمات حاصل کرکے پروازیں آپریٹ  کرے گی۔

برطانوی پروازوں کے لئے پی آئی اے نے بکنگ کا بھی آغاز کردیا ہے، اور ان  پاکستانی و برطانوی شہروں کے درمیان سفر کے خواہشمند افراد بکنگ کیلئے ٹریول ایجنٹس یا پی آئی اے سے رابطہ کرسکتے ہیں، پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لئے نئے طیارے استعمال کئے جائیں گے، جن میں آرام دہ نشستیں اور  حلال کھانے کی سہولت میسر ہوگی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی اپنی قومی ائرلائن پر سفر کو ترجیح دے گی، اور ائرلائن کی طرف سے فراہم کردہ بہترین سروسز سے استفادہ کرے گی، آپریشن کی بحالی سے برطانوی ائرپورٹس پر پی آئی اے کی سلاٹس بھی محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.