اٹلی سمیت یورپی ملکوں کیلئے پی آئی اے کا متبادل منصوبہ

0

استنبول: قومی اٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے اٹلی اور اسپین سمیت یورپی ملکوں میں پروازوں کی بحالی کے لئے منصوبہ تیار کرلیا، ترکش ائر لائن کے ساتھ معاہدے پر اتفاق ہوگیا، دونوں ائرلائنز میں کوڈ شئیرنگ کی جائے گی، جس کے نتیجے میں پی آئی اے کے مسافر یورپی ملکوں کے لئے سفر کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق یورپی پابندی کے باعث پی آئی اے کی پروازیں معطل ہیں، تاہم اب قومی ائر لائن کے سی ای او ائر وائس مارشل ارشد ملک کی کوششوں سے یورپی شہروں کے لئے پروازیں بحال کرنے کا متبادل منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، اور جلد ہی میلان، اور بارسلونا سمیت دیگر یورپی شہروں کے لئے پروازیں بحال ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، اس سلسلے میں سی ای او  پی آئی اے ارشد ملک نے استنبول کا دورہ کیا ہے، جہاں ترکش ائر لائن کی قیادت سے ان کے کامیاب مذاکرات ہوئے۔

دونوں ائر لائنز نے کوڈ شئیرنگ معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے، جس کے بعد یورپی اسٹیشنوں کیلئے پی آئی اے مسافر اٹھا سکے گی، منصوبے کے تحت پی آئی اے یورپی مسافروں کو استنبول لے جائے گی، جہاں سے ترکش ائر لائن انہیں یورپی منزلوں پر پہنچائے گی، اسی طرح واپسی پر بھی پی آئی اے پاکستانیوں کو استنبول سے وطن لائے گی۔

معاہدے کے تحت پی آئی اے کے مسافر یورپی شہروں کے لئے سفر کرسکیں گے، ان میں میلان، بارسلونا، کوپن ہیگن، اوسلو، لندن اور برمنگھم شامل ہیں، بات چیت میں ترکش ائر لائن کے حکام نے پی آئی اے سے کارگو آپریشن میں تعاون کی درخواست بھی کی، جس پر مزید بات چیت کی جائے گی،

ادھر پی آئی اے نے سعودی عرب کے شہر القسیم میں مقیم ہم وطنوں کی سہولت کیلئے بھی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں سی ای او  ارشد ملک نے پاکستان میں سعودی سفیر  نواف بن سعید المالکی سے ملاقات میں القسیم کے لئے پروازیں شروع کرنے کے لئے اجازت کے سلسلے میں تعاون طلب کیا ہے، انہوں نے مسافروں کے رش کی وجہ سے دیگر سعودی شہروں کے لئے بھی اضافی پروازوں کا معاملہ اٹھایا، ارشد ملک نے امید ظاہر کی کہ اگلے ماہ تک اس حوالے سے اجازت مل جائےگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.