اٹلی کے کئی اسپتالوں میں جگہ ختم، فٹ پاتھوں پر طبی امداد

0

میلان: اٹلی میں کرونا کی صورتحال بے قابو ہوتی جارہی ہے، اور میلان سمیت کئی علاقوں میں اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے کے بعد ڈاکٹروں کو مریضوں کی جان بچانے کی جنگ باہر فٹ پاتھوں پر بھی لڑنی پڑ رہی ہے، اس دوران ایک اسپتال کی ویڈیو نے لوگوں کو ہلا دیا ہے۔

اطالوی وزیرخارجہ اور حکومتی اتحادی جماعت فائیو اسٹار موومنٹ کے سربراہ لیگوئی ڈی مایو نے صورتحال پر اہم بیان دیا ہے، جبکہ حکومت مزید دو ریجنز کو ریڈ زون میں شامل کرنے کی تیاری کررہی ہے، جہاں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا اور کسی کو بلا ضرورت باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا کی صورتحال بے قابو ہوتی جارہی ہے، اور جمعہ کو ریکارڈ 40 ہزار902 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 24 گھنٹوں میں 636 افراد کی ہلاکت بھی ہوئی ہے، اٹلی میں وبا شروع ہونے کے بعد سے مریضوں کی کل تعداد  ایک ملین سے بڑھ گئی ہے جبکہ 44 ہزار 139 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں، وبا کی دوسری لہر میں ملک کا معاشی مرکز میلان سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں جمعہ کو بھی سب سے زیادہ 10 ہزار 634 مریض سامنے آئے، ادھر سرکاری خبر ایجنسی نے محکمہ صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ کمپانیا اور ٹسکونی کو بھی ریڈ زون میں شامل  کیا جاسکتا ہے، جبکہ امالیا، روماگنا، فرولی اور مارش کو اورنج زون میں شامل کیا جاسکتا ہے، مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے کئی ریجنز میں اسپتالوں میں جگہ ختم ہوتی جارہی ہے، اور طبی عملہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔

فٹ پاتھ پر طبی امداد

نیپولی میں اسپتال میں جگہ ختم ہونے پر متاثرہ افراد کو ان کی گاڑیوں اور باہر اسٹریچر رکھ کر آکسیجن دینے کی ویڈیو سامنے آئی ہیں، cotugno اسپتال کے باہر مریضوں کی لمبی قطاریں تھیں، جو گھنٹوں سے ٹیسٹ یا طبی امداد کےلئے وہاں کھڑے تھے، سسلی میں صورتحال خراب ہے، اور پلیرمو کے مئیر نے خبردار کیا ہے کہ وائرس جس تیزی سے پھیل رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے ان کے ریجن میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ہے۔

اسپتال کی ویڈیو

نیپولی کے cardarelli اسپتال کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں اسپتال کے بستر مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں، اور ایک مریض باتھ روم کے فرش پر بےحس پڑا نظر آتا ہے، جس کے بارے میں بعد میں تصدیق  ہوگئی کہ اس کی موت واقع ہوچکی تھی، ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد اٹلی بھر میں اس پر آوازیں سنائی دیں، جبکہ حکومت نے اس کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے، اطالوی وزیر خارجہ لیگوئی ڈی مایو نے کہا ہے کہ یہ ویڈیو ملک کے تیسرے بڑے شہر میں صورتحال ہاتھ سے نکلنے کا اشارہ دے رہی ہے، نیپولی اور کمپانیا کے کئی علاقوں میں صورتحال قابو سے باہر ہوچکی ہے، اور مرکزی حکومت کی  مداخلت کی متقاضی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.