تارکین وطن مخالف اتحاد کیلئے نیا چیلنج، کونتے میدان میں آگئے

0

روم: اٹلی کے حال ہی میں سبکدوش ہونے والے وزیراعظم جوسپے کونتے نے سیاست میں  آنے کا اعلان کردیا ہے، کونتے جو پیشہ کے لحاظ سے پروفیسر ہیں، اور ٹیکنو کریٹ کے طور پر وزیراعظم بنے تھے، اس سے قبل وہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ شامل ہونے سے انکار کرتے آئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق سابق اطالوی وزیراعظم جوسپے کونتے نے عملی سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے، جوسپے کونتے چند ہفتے قبل ہونے والے سروے میں سب سے مقبول اطالوی رہنما کے طور پر سامنے آئے تھے، اور 56 فیصد اطالوی عوام نے ان کی حمایت کی تھی، جوسپے کونتے نے پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت فائیو اسٹار موومنٹ میں بلواسطہ شمولیت اختیار کرلی ہے، اور فائیو اسٹار میں اصلاحات اور اسے موجودہ بحران سے نکالنے کا بیڑا اٹھا یا ہے، واضح رہے کہ فائیو اسٹار وزیراعظم ماریو دراغی کی حکومت میں شامل ہونے کے فیصلے کے بعد سے مشکلات کا شکار ہے، اور اس کے کئی ارکان منحرف ہوچکے ہیں، جبکہ اس کی مقبولیت بھی 2 برس قبل کے 32 فیصد کے مقابلے میں اب 15 فیصد پر آچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مستعفی اطالوی وزیراعظم نے تارکین وطن نواز سیاست کا اشارہ دیدیا

فائیو اسٹار موومنٹ کے بانی بپی گریلو Beppe Grillo نے روم میں جوسپے کونتے سے ملاقات میں انہیں پارٹی کے لئے کردار ادا کرنے پر قائل کیا، فائیو اسٹار موومنٹ کے بانی کا کہنا ہے کہ جوسپے کونتے پارٹی کی مکمل ری اسٹرکچرنگ کریں گے، اور کرپشن و عدم مساوات کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

اس سے پہلے مستعفی وزیراعظم جوسپے کونتے کے پی ڈی کے ساتھ روابط کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں، پی ڈی بھی سابق وزیرا عظم کی بڑی حامی رہی ہے، دوسری جانب برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق مبصرین توقع کررہے ہیں کہ جوسپے کونتے فائیو اسٹار اور پی ڈی کا اتحاد مضبوط بنائیں گے، اور سابق وزیرداخلہ ماتیو سالوینی کی قیادت میں قائم دائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد کا مقابلہ کرنے کی کوشش کریں گے، جو اس وقت رائے عامہ کے جائزوں میں آگے جارہا ہے۔

خیال رہے کہ جوسپے کونتے نے آئے روز کی سیاسی کھینچا تانی سے تنگ آکر اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا، انہوں نے ویوا پارٹی کا یورپی فنڈز ارکان پارلیمان کے ذریعہ خرچ کرنے کا مطالبہ نہیں مانا تھا، اور اپنی حکومت کی قربانی دے دی تھی، لیکن وہ اس موقف پر قائم رہے تھے کہ 200 ارب یورو کے فنڈز ماہرین کے ذریعہ خرچ کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.