برطانیہ سے پاکستان جانے کا نہ سوچیں، حکومت نے خبردار کردیا

0

لندن: برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی  ہوجائے ہوشیار، برطانوی حکومت نے پاکستان کے سفر پر جاری کردی ہے وارننگ، تفریح کے لئے پاکستان کا سفر کرنا غیر قانونی، شہریوں کو پاکستان کے سفر کی اجازت نہیں دے سکتے، بغیر کسی ٹھوس جواز کے پاکستان جانے والے شہریوں کو روکا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے کرونا کی وجہ سے کئی ممالک کے لئے سفری پابندیاں لگارکھی ہیں، جبکہ کئی ممالک سے واپس برطانیہ آنے والوں کے لئے ہوٹلوں میں قرنطینہ لازمی ہے، جس پر مسافروں کو 2 ہزار پاؤنڈ تک خرچ کرنے پڑجاتے ہیں، تاہم خوش قسمتی سے کرونا کی شرح کم ہونے کی وجہ سے پاکستان ان دونوں فہرستوں میں شامل نہیں ہے، اور یہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان آزادانہ پاکستان کا سفر کررہے ہیں، تاہم  اب کرونا کی شرح بڑھنے کے بعد برطانیہ نے پاکستان جانے اور وہاں سے آنے والے مسافروں کے لئے بھی سختی کا عندیہ دے دیا ہے، پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے اس حوالے سے  ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا کے کیس بڑھ رہے ہیں، صرف تفریح کیلئے پاکستان کا سفر کرنا غیر قانونی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاک ڈاؤن خاتمے پر برطانیہ کا کون انتظار کررہاہے؟ وزیراعظم و ماہرین نے بتادیا

برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے ویڈیو بیان میں پاکستانی و برطانوی شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرونا کی تیسری لہر سے گزر رہا ہے، اور یہاں کی حکومت نے کچھ سخت پابندیاں بھی لگائی ہیں، ہائی کمشنر نے برطانوی شہریوں پر زور دیا کہ پاکستان قیام کے دوران وہ ماسک پہننے سمیت ان پابندیوں کا احترام کریں اور احتیاط کریں۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ جو برطانوی شہری پاکستان کے سفر کا سوچ رہے ہیں، انہیں یہ علم ہونا چاہئے کہ برطانیہ میں لگائی گئی کرونا پابندیوں   کے تحت آپ کو گھر پر رہنا ہے، ایسے میں تفریح کے لئے پاکستان کا سفر غیرقانونی ہوگا، اس لئے جب تک آپ کے پاس پاکستان سفر کا کوئی قانونی جواز موجود نہ ہو، ایسا کرنے کا نہ سوچیں، آپ سے ائرپورٹ پر پاکستان سفر کا جواز پوچھا جائے گا، اور فارم کو برطانوی حکام چیک کریں گے کہ آیا آپ کا سفر ضروری ہے یا نہیں، انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت بارڈر کنٹرول پر مسلسل  نظرثانی کررہی ہے، اور مختصر نوٹس پر براہ راست پروازوں پر پابندی لگائی جاسکتی ہے، اسی طرح ہوٹل قرنطینہ بھی لازمی قرار دیا جاسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.