دبئی سے واپسی کے خواہشمند افراد کیلئے مزید پروازوں کا اعلان، کرایوں میں اضافہ

0

دبئی: بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے لازمی قرنظینہ کی شرط ختم کئے جانے کے بعد دبئی میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے پی آئی اے نے ایک ہفتے کے دوران 18 سے 20 پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔

واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کو دبئی کے پاکستانی قونصلیٹ میں رجسٹریشن کرانی ہوگی، جو پاکستانی پہلے رجسٹریشن کراچکے ہیں، انہیں دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے، ٹکٹ صرف پی آئی اے آفس دبئی سے جاری کیا جائے گا جبکہ کرایوں میں کچھ اضافہ کردیا گیا ہے۔

نئے کرائے میں پنجاب اور پشاور ریجن کیلئے اکانومی کلاس کا ٹکٹ 1470 درہم ہوگا جبکہ کراچی کیلئے 1270 درہم وصول کئے جائیں گے، بزنس کلاس کا کرایہ 1900 درہم مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان نے خلیجی ائیرلائنز کیلئے بھی اپنی فضا کھول دی ہے ، اور ان ائیر لائنز کے ذریعہ واپسی کے خواہشمند پاکستانی متعلقہ ائیر لائن سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل احمد امجدعلی نے ویڈیو بیان میں پاکستانیوں کو پھر ہدایت کی ہے کہ وہ کسی ایجنٹ سے ٹکٹ خریدنے کیلئے رجوع نہ کریں، اور نہ ہی کسی کو آن لائن پیسے ٹرانسفر کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سے واپسی کیلئے آپ کو دبئی قونصلیٹ سے فون موصول ہوگا، جس کے بعد آپ کو پی آئی اے آفس جاکر خود ٹکٹ حاصل کرنا ہوگا تاہم خلیجی ائر لائنز سے آنے والے متعلقہ ائیر لائن سے ٹکٹ کیلئے خود رجوع کرسکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.