اٹلی: پاکستانیوں کو اجازت، بنگلہ دیش سے آنے والے ورکرز کو واپس بھیج دیا

0

روم: بنگلہ دیشی ورکرز میں کرونا کیس نکلنے کے بعد اٹلی نے وہاں سے آنے والے ورکرز کو واپس بھیجنا شروع کردیا ہے، اس سے قبل اٹلی نے بنگلہ دیش کے ساتھ فضائی رابطے معطل کردئیے تھے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو قطر ائر ویز کی پرواز سے تیسرے ملک کے ذریعہ روم پہنچنے والے 100 سے زائد بنگلہ دیشی ورکرز کو ائیر پورٹ پر حکام نے روک لیا، جبکہ طیارے میں سوار پاکستانی ورکرز کو اٹلی میں داخلے کی اجازت دے دی گئی، حکام کے مطابق قطر ائرویز کی پرواز پاکستان سے چلی تھی، اور دوحہ میں اسٹاپ کے دوران اس نے ان بنگلہ دیشی ورکرز کو بھی اٹھایا تھا، جن کے پاس اٹلی کے ورک پرمٹ یا دیگر قانونی دستاویزات موجود ہیں۔

پرواز 205 مسافروں کو لے کر روم کے ائیرپورٹ پہنچی تھی، جہاں حکام نے 112 بنگلہ دیشی ورکرز کو طیارے سے اترنے سے روک دیا اور انہیں اسی پرواز سے واپس بھیج دیا گیا، جبکہ پاکستانیوں سمیت دیگر مسافروں کے ٹیسٹ لے کر انہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل منگل کو بنگلہ دیش کی اپنی ائرلائن کے ذریعہ ڈھاکہ سے آنےوالے مسافروں میں سے 37 کرونا سے متاثر نکلے تھے ،جس کے بعد اٹلی نے بنگلہ دیش کےساتھ فضائی رابطے معطل کردئیے تھے، روم میں مقیم بنگلہ دیشی کمیونٹی میں بھی کرونا کے درجنوں کیس سامنے آئے ہیں ،جس سےاطالوی حکام تشویش کا شکار ہیں۔

بدھ کو اٹلی میں 193 نئے کرونا کیس سامنے آئے تھے جبکہ 15 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

دوسری طرف بنگلہ دیشں میں سرکاری طور پر ایک لاکھ 72 ہزار کیس سامنے آچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 2200 بتائی گئی ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.