کرونا وائرس؛ 3 یورپی ملکوں کیلئے بھی اٹلی نے دروازے بند کردیے

0

روم: اٹلی نے یورپ کے 3 ملکوں کے شہریوں پر بھی ملک میں داخلہ پر پابندی لگادی ہے، جبکہ بنگلہ دیش کے ساتھ فضائی رابطے معطل رکھنے میں 31 جولائی تک توسیع کردی ہے، اور اس میں مزید 2 ماہ کی توسیع بھی ہوسکتی ہے، تین یورپی ملکوں کے اضافے کے ساتھ اٹلی میں داخلہ پر پابندی والے ممالک کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی نے سربیا، کوسوو اور مونٹی نیگرو سے آنے والوں کے لئے بھی ملک کی سرحدیں بند کردی ہیں، یہ فیصلہ ان ملکوں میں کرونا مریضوں کی وجہ سے کیا گیا ہے، اطالوی وزیر صحت رابرٹو سپرانزا کا کہنا ہے کہ پابندی کا اطلاق ان افراد پر بھی ہوگا، جو گزشتہ 14 روز کے دوران ان تین ممالک میں قیام کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وبا کے حوالے سے یہ مشکل وقت ہے ، لہذا ہمیں بہت احتیاط کرنی ہے، اور ہم وہ کررہے ہیں ۔ گزشتہ ہفتے بھی اٹلی نےامریکہ اور برازیل سمیت 13 ممالک سے آنے والوں کے لئے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا ،جبکہ بنگلہ دیش سے آنے والے ورکروں کو ائر پورٹ سے ہی واپس بھیج دیا گیا تھا،

بنگلہ دیشیوں پر پابندی 

اطالوی حکام نے بنگلہ دیش سے آنے والوں پر پابندی میں 31 جولائی تک توسیع کردی ہے، جبکہ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پابندی 5 اکتوبر تک جاری رہ سکتی ہے، ادھر ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اٹلی جانے والے ورکرز کے پاس کرونا ٹیسٹ کی جعلی رپورٹس ہونے کی خبریں غلط ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اٹلی کے سفر کیلئے کرونا ٹیسٹ کی شرط نہیں تھی، تاہم کچھ مسافروں نے اپنے طور پر ٹیسٹ کرایا تھا، اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ اٹلی کی جانب سے بنگلہ دیش سے آنے والی پروازوں پر پابندی کا ان ٹیسٹ رپورٹس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اطالوی پابندی کا تعلق ان بنگلہ دیشیوں سے ہے ،جنہوں نے حال ہی میں اٹلی کا سفر کیا لیکن وہاں پہنچنے کے بعد کچھ نے لازمی قرنطینہ کے ضوابط پر عمل نہیں کیا ،اور وہ بنگلہ دیشی کھانے کھانے کے لئے ہوٹل سے باہر گئے ،جس سے وہ ممکنہ طور پر کمیونٹی میں وبا کے پھیلاو کا سبب بنے ، ترجمان نے کہا کہ اطالوی حکومت نے فضائی رابطے 31 جولائی تک معطل رکھنے کی باضابطہ اطلاع دی ہے ،

Leave A Reply

Your email address will not be published.